۸ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۸ شوال ۱۴۴۵ | Apr 27, 2024
اسلامی تحریک پاکستان

حوزہ / اسلامی تحریک پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ قومی انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا۔ نومبر کے وسط میں اسلامی تحریک پاکستان کے سیاسی سیل کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان نے قومی انتخابات کو بروقت منعقد کرنے پر زور دیتے ہوئے آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے حکمرانوں سے ترجیحی اور مناسب اقدامات کا مطالبہ کیا ہے اور اس ضمن میں قومی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے نومبر کے وسط میں اسلامی تحریک پاکستان کے سیاسی سیل کا اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان نے فلسطین میں اسرائیلی افواج کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیل اور اس کے پشت پناہ عالمی سامراج کو مظلوم فلسطینی عوام کے قتل عام کے تدارک کیلئے حکومت پاکستان سے او آئی سی اور اقوام متحدہ میں بھرپور کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

راولپنڈی میں منعقدہ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں اس کا اعلان کیا گیا۔ جس کی صدارت قائد اسلامی تحریک پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کی۔

اس اجلاس میں ملکی امن و امان سمیت سیاسی و مذہبی صورتحال کا بغور جائزہ لیا گیا اور متعدد نکات پر گفتگو و شنید کے بعد متعدد فیصلے کیے گئے۔ جس کے تحت اسلامی تحریک پاکستان نے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے 18نومبر 2023ءکو لاہور میں سیاسی سیل کا اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ اسلامی تحریک پاکستان نے انتخابات بروقت کرانے کو ملکی داخلی و معاشی استحکام کیلئے ناگزیر قرار دیتے ہوئے حکومت سے آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے ترجیحی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

اجلاس میں اسرائیل کی مظلوم فلسطینی عوام پر وحشیانہ بمباری سے بچوں ،خواتین اور بزرگوں کے قتل عام اور ان پر خوراک اور پانی کو بند کرنے کو ظلم و جارحیت قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کے غیور عوام اپنے فلسطینی مظلوم بھائیوں کے ساتھ ہیں اور وہ اسرائیل اور اس کے پشت پناہ عالمی سامراج کی ہر فورم پر بھرپور مذمت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ و دیگر فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام کے قتل عام کے تدارک کیلئے او آئی سی اور اقوام متحدہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .