حوزه نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان نے صوبائی نتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی سیل تشکیل دے دیا ہے اور انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا سے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اس بات اعلان اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کیا گیا ہے جس کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے صوبائی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور اس ضمن میں آئی ٹی پی نے سیاسی سیل بھی تشکیل دے دیا ہے جس کے سربراہ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اسلامی تحریک پاکستان نے کاغذات نامزدگی کے بعد 18مارچ کو ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں جبکہ موزوں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ میں کیا جائے گا۔
اس موقع پر اسلامی تحریک پاکستان کے سیاسی سیل کے سربراہ علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کا کہنا تھا کہ اسلامی تحریک پاکستان عوام کے حقوق کے حصول کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور عوامی خدمت کے باعث وہ عوام میں مقبول جماعت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین مہنگائی، افراتفری اور سیاسی کھینچا تانی کے بحرانوں سے گزر رہا ہے۔ ایسے حالات میں دانشمند، معقول اور سنجیدہ حضرات کو قومی ایوانوں میں بھیجنا ناگزیر ہے تاکہ ملک کو اس گو مگو اور غیر یقینی صورتحال سے نکال کر ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
علامہ میثمی نے پاکستان کو ایسے بحرانوں سے نکالنے کے لیے تمام سیاستدانوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل بھی کی۔