حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برائے ایصال ثواب سرپرست کل ہند مجلس علماء و ذاکرین حجة الاسلام مولانا سید نبی حسن زیدی مرحوم کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین کا جلسہ تعزیت مجلس علماء و ذاکرین کے دفتر شریعت کدہ میں منعقد ہوا۔ آج ١٨ جمادی الثانی ۱۴۴۵ھ بطابق 1 جنوری2024 بروز پیر جس میں شہر کے ممتاز علماء و ذاکرین نے شرکت کی۔
اِس جلسہ تعزیت میں جناب میر حسنین علی خاں صاحب صدر عبادت خانہ حسینی نے بھی شرکت کی اور مولانا نبی حسن زیدی صاحب کے لئے چند کلمات بیان فرمائیں اور انہوں نے اپنے بیان میں فرمایا کہ مولانا نبی حسن صاحب تمام علماء دکن کے لئے نمونے عمل تھے۔ تمام علماء کو ان کی زندگی سے تبلیغ کرنے کا ہنر سیکھنا چاہئے۔
اس جلسہ کی نظامت حجة الاسلام مولانا رضا عباس صاحب نے فرمائی۔ ابتداء میں جناب مولانا محمد رضا قاری صاحب قبلہ نے تلاوت کلام پاک فرمائی۔
اُسکے بعد تعزیتی پیغام میں حجة السلام مولانا محب عابد صاحب نے اپنے بیان میں علم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اس کے بعد حجة السلام و المسلمین مولانا رضا عباس صاحب قبلہ نے ایک تقریر مختصر وقت میں پیش کی جِس میں مولانا مرحوم کی سیرت، علمی بصیرت اور خدمات دینی پر روشنی ڈالی ۔ ایک اہم نکتہ کی طرف توجہ دلاتے ہوئے آپنے فرمایا کہ مرحوم حجۃالاسلام و المسلمین مولانا نبی حسن صاحب نے صبر و تحمل سے دفاع حق ولایت کیا جبکہ حالات نہایت ہی پر آشوب رہے۔
صدر کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ مولانا نبی حسن کے انتقال سے ایک ایسا خلا واقع ہوگیا کہ اب اس کا پر ہونا ناممکن ہے۔
آخر میں آپ نے عبادت خانہ حسیني کی اعلیٰ تعمیر و توسیع کو ایک عظیم کارنامہ اور بڑی خدمت دِینی بتایا اور اِس عظیم کارنامہ کو سراہا۔ دعائیہ کلمات سے اجلاس کا اختمام ہوا۔