۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزہ/ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے چیئرمین نے عمران خان کے سائفر کیس کی سماعت میں سزا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کا فیصلہ، پوری قوم کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے میڈیا سیل سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سزا کا فیصلہ پوری قوم کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے، جب فیصلے عدل و انصاف کی بجائے پسند و ناپسند کی بنیاد پر ہونے لگیں تو معاشرے میں آئین وقانون اپنی حیثیت کھو بیٹھتے ہیں اور لاقانونیت راج کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو عدالت کے کسی بھی فیصلے پر مشتعل ہونے کی بجائے ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیئے اور عقل و بصیرت کے دامن کو مضبوطی سے تھامے رکھنا ہوگا، اپنی توجہ 8 فروری کے انتخابات پر مرکوز رکھیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے عالمی اسٹیبلشمنٹ اور ان کے آلہ کاروں کو شکست دیں جو ملک کی داخلی خودمختاری اور آزاد خارجہ پالیسی کو اپنی خواہشات کی تابع رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہیئے کہ آٹھ فروری کے دن پُرعزم ہو کر نکلیں اور جمہوری و سیاسی قدروں کو نقصان پہنچانے والی قوتوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں، ملکی سیاست سالہائے سال سے ہیجانی و بحرانی کیفیت میں مبتلا ہے، اس وقت ملک کے ہر باشعور اور زمہ دار شہری کا واحد ہدف انتخابات کے روز ووٹ کی بلاتاخیر کاسٹ اور اس کی حفاظت کو یقینی بنانا ہونا چاہیئے، ہم اس ملک کے پُرامن شہری اور محافظ ہیں، عوام ہی طاقت کا سر چشمہ اور اس ملک کے حقیقی وارث اور مالک ہیں، ان لٹیروں اور وطن فروشوں سے ملک کو بچانے کے لیے اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کریں، ووٹ کی طاقت سے ملکی و قومی ترجیحات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .