۲۲ آذر ۱۴۰۳ |۱۰ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 12, 2024
حضرت علی کے دست مبارک سے لکھا ہوا قرآن مجید

حوزہ/ حضرت علی کی ولادت کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی مولانا آزاد لائبریری میں حضرت علی علیہ السلام سے متعلق تاریخی اور اہمیت کی حامل کتابوں اور خطوط کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،علیگڑھ/ حضرت علی کی ولادت کے موقع پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی مولانا آزاد لائبریری میں حضرت علی علیہ السلام سے متعلق تاریخی اور اہمیت کی حامل کتابوں اور خطوط کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں حضرت علی کے دست مبارک سے کوفک انداز میں لکھا ہوا قرآن مجید بھی شامل کیا گیا۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کی مولانا آزاد لائبریری نے 'علی سوسائٹی' کے تعاون سے حضرت علی کی یوم ولادت کے موقع پر نایاب مخطوطات اور کتابوں کی ایک نمائش کا اہتمام کیا جس کا افتتاح پروفیسر محمد گلریز، کارگزار وائس چانسلر، اے ایم یو نے کیا۔ جو تاریخ اور ثقافت سے محبت کرنے والوں کے لیے کھلی ہے۔ کارگزار وائس چانسلر نے نمائش کا معائنہ کیا اور ہاتھ سے لکھے گئے پرانے نسخوں، قرآن پاک کے مختلف نسخوں اور مختلف زبانوں کی دیگر نایاب کتب بشمول نہج البلاغہ کا 900 سال پرانا نسخہ، تقاریر کا مشہور مجموعہ اور دیگر کے بارے میں دریافت کیا۔ حضرت علی کی باتیں نہج البلاغہ کا یہ نسخہ برصغیر میں موجود قدیم ترین نسخہ ہے۔

یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ اور لائبریری کے اورینٹل سیکشن کے انچارج ڈاکٹر ٹی ایس اصغر نے نمائش میں رکھے گئے مخطوطات کی تاریخی اہمیت اور علمی اہمیت کے بارے میں وائس چانسلر کو آگاہ کیا۔ لائبریری کے دکھائے گئے نایاب مجموعوں میں حضرت علی کی مدح میں "قصیدہِ حافظ" شامل ہے، جو خطِ نخون کے عجیب انداز میں تیز ناخنوں سے لکھا گیا، نہج البلاغہ کی مختلف پرانی کاپیاں، اور اس کا ایک ٹکڑا۔ قرآن پاک کوفک انداز میں ہاتھ سے لکھا گیا، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ خود حضرت علی نے لکھا تھا۔

حضرت علی کی زندگی اور فضائل کو بیان کرنے والی مختلف زبانوں میں کتابیں اور مخطوطات کو سجانے کے لیے استعمال ہونے والے چمڑے کے غلاف بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ مولانا آزاد لائبریری کی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ نے بتایا کہ حضرت علی علیہ السلام جن کو مولا علی بھی کہا جاتا ہے، ان کے یوم ولادت پر مولانا آزاد لائبریری میں ہر سال کی طرح اس سال بھی حضرت علی سے متعلق خاص کتابوں، خطوط اور قرآن مجید کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مولانا آزاد لائبریری میں حضرت علی سے متعلق تقریباً دو سو کتابیں موجود ہیں جو مختلف زبانوں میں لکھی گئی ہیں جیسے عربی، فارسی، انگریزی، ہندی وغیرہ۔

حضرت علی کے یوم ولادت کے موقع پر کتابوں کی نمائش میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا اور ان سے متعلق لکھی گئی کتابوں اور خاص کر ان کے دست مبارک سے لکھے گئے قرآن مجید کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ مولانا آزاد لائبریری میوزیم کے انچارج سید محسن جعفری نے بتایا کہ ہر سال مولانا آزاد لائبریری میں حضرت علی کے یوم ولادت کے موقع پر حضرت علی سے متعلق خاص کتابوں، خطوط اور ان کے دست مبارک سے لکھے ہوئے قرآن مجید کو کتابوں کی نمائش میں رکھا جاتا ہے۔ مولانا آزاد لائبریری میں حضرت علی کے یوم ولادت کے موقع پر ایک خاص میوزیم کو بھی کھولا جاتا ہے جس میں حضرت علی سے متعلق خاص کتابیں اور قرآن مجید موجود ہیں، جس کو دیکھنے کا موقع ہم لوگوں کو آج ہی کے دن ملتا ہے۔

اے ایم یو میں زیر تعلیم گریجویشن کے طالب علم محمد جنید نے بتایا کہ میں پہلی مرتبہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مولانا آزاد لائبریری میں حضرت علی سے متعلق لکھی کتابوں کی نمائش میں آیا ہوں۔ میں نے حضرت علی سے متعلق کتابوں کو دیکھا جہاں پر خاصی تعداد میں کتابیں موجود ہیں اور حضرت علی کے دست مبارک سے لکھا ہوا قرآن مجید دیکھ کر مجھے بہت اچھا لگا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .