۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
News ID: 398128
14 اپریل 2024 - 14:23
ماہ شوال المکرم

حوزہ/ ماہ شوال المکرم ہجری سال کا دسواں مہینہ ہے۔ شوال کے معنی "کسی جگہ جانے کے ارادہ سے سامان باندھنا" ہے ، اس ماہ کے پہلے دن کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے مسلمانوں کے لئے عید کا دن قرار دیا ، آٹھ شوال سن 1344 ہجری کو آل سعود نے بنام توحید علامات توحید یعنی جنت البقیع میں روضوں کو منہدم کیا جو اب تک عالم اسلام کی غیرت پر سوالیہ نشان ہیں۔

تحریر: مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ نیوز ایجنسی | ماہ شوال المکرم ہجری سال کا دسواں مہینہ ہے۔ شوال کے معنی "کسی جگہ جانے کے ارادہ سے سامان باندھنا" ہے ، اس ماہ کے پہلے دن کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے مسلمانوں کے لئے عید کا دن قرار دیا ، آٹھ شوال سن 1344 ہجری کو آل سعود نے بنام توحید علامات توحید یعنی جنت البقیع میں روضوں کو منہدم کیا جو اب تک عالم اسلام کی غیرت پر سوالیہ نشان ہیں۔ اسی طرح سید الشہداء حضرت حمزہ علیہ السلام کی جنگ احد میں شہادت اور قرآن ناطق امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت اس ماہ کی اہم مناسبت ہے۔

ذیل میں ماہ شوال کی مناسبتیں درج ہیں ۔

یکم شوال

1۔ عید الفطر

2۔ غزوہ قرقرۃ الکدر۔ سن 3 ہجری

قبیلہ بنی سلیم اور قبیلہ بنی غطفان کے کچھ لوگ کُدر کے علاقہ میں جمع ہوئے تا کہ مدینہ پر حملہ کریں۔ لیکن امیرالمومنین امام علی علیہ السلام کی قیادت میں لشکر اسلام کے وہاں پہنچتے ہی دونوں قبیلوں نے فرار کو قرار پر ترجیح دی۔

3۔ عمرو عاص سن 43 ہجری کو دنیا سے گذر گیا ۔

فتح مکہ سے قبل اسلام اور رسول اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے کھلم کھلا شدید دشمنی کی، فتح مکہ کے موقع پر اظہار اسلام کیا ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے بعد اہل بیت علیہم السلام سے شدید دشمنی کی ۔ جنگ صفین میں اسکی سازشیں، خیانتیں اور جرائم تاریخ اسلام کا سیاہ باب ہے۔

4۔ ولادت آیۃ اللہ العظمیٰ سید مہدی بحرالعلوم رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1155 ہجری

بارہویں اور تیرہویں صدی ہجری کے عظیم شیعہ عالم، عارف، مفسر ، ماہر علم رجال ، فقیہ و مرجع تقلید آٓیۃ اللہ العظمیٰ سید مہدی بحرالعلوم رحمۃ اللہ علیہ کے شاگردوں کی طویل فہرست ہے جنمیں آیۃ اللہ العظمیٰ سید دلدار علی نقوی غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ کا نام نامی اسم گرامی بھی شامل ہے۔

5۔ ولادت آیۃ اللہ العظمیٰ سید محسن الحکیم رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1306 ہجری

2 شوال

1۔ وفات آیۃ اللہ سید محمد حسینی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1380 ہجری

3 شوال

1۔ مرگ متوکل عباسی ۔ سن 247 ہجری

دسواں عباسی حاکم متوکل ناصبی تھا وہ اہل بیت علیہم السلام پر سب و شتم کرتا تھا۔ سن 236 ہجری میں امام حسین علیہ السلام کی قبر مبارک کربلا معلیٰ پر حملہ کر کے ویران کیا اور زیارت پر پابندی لگائی، زائرین کو سخت سزائیں دی۔ اس نے امام علی نقی علیہ السلام کو مدینہ منورہ سے سامرا بلا کر ان پر ظلم کیا ، اسی طرح اس کے زمانے میں شیعہ بھی محفوظ نہیں تھے۔

2۔ وفات آیۃ اللہ سید محمد حسین شھرستانی رحمۃ اللہ علیہ (صاحب کتاب الخصائص الحسینیہ) ۔ سن 1315 ہجری

4 شوال

1۔ جنگ حنین سن 8 ہجری

2۔ وفات آیۃ اللہ سید حسین حلّی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1394 ہجری

چودہویں صدی ہجری کے عظیم شیعہ عالم، فقیہ ٓآیۃ اللہ العظمیٰ سید حسین حلّی رحمۃ اللہ علیہ اگرچہ مجتہد جامع الشرائط تھے لیکن اس کے باوجود فتویٰ دینے سے اجتناب کرتے اور عہدہ و منصب اور زعامت و ریاست سے دور رہتے تھے۔ آپ کے والد ماجد روضہ امیرالمومنین علیہ السلام نجف اشرف میں امام جماعت تھے ، انکی وفات کے بعد جب آپ سے امامت کی درخواست کی گئی تو آپ نے اپنے استاد آیۃ اللہ العظمیٰ نائنی رحمۃ اللہ علیہ سے درخواست کی اور لوگوں سے بھی کہا کہ وہ مقدم ہیں اور جب استاد کی رحلت ہو گئی تو دوبارہ آپ کی خدمت میں نماز جماعت کی امامت کی درخواست کی گئی تب بھی آپ نے قبول نہیں کیا۔ آپ فرماتے تھے کہ میں طالب علم ہوں میرا کام درس و تدریس ہے فتویٰ دینا نہیں ہے ، نہ کبھی فتویٰ دیا اور نہ ہی کبھی نماز جماعت کی امامت کی۔

5 شوال

1۔ لشکر امیرالمومنین جنگ صفین کے لئے روانہ ہوا ۔ سن 36 ہجری

2۔ امام حسین علیہ السلام کے سفیر جناب مسلم بن عقیل علیہ السلام کوفہ پہنچے۔ سن 60 ہجری

3۔ وفات علامہ سید جمال الدین اسد آبادی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1314 ہجری

6 شوال

1۔ امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی پہلی توقیع جناب حسین بن روح رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی تائید میں صادر ہوئی۔ سن 305 ہجری

2۔ وفات آیۃ اللہ العظمیٰ قربان علی محقق کابلی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1440 ہجری

8 شوال

1۔ جنگ حمراء الاسد ۔ سن 3 ہجری

2۔ انہدام جنت البقیع ۔ سن 1344 ہجری

3۔ وفات علامہ سید عدیل اختر زیدی طاب ثراہ ۔ سن 1370 ہجری

علامہ سید عدیل اختر رضوی طاب ثراہ کے علمی آثار میں صلۂ تاریخ احمدی، صلح حسن(ع)، علمی خیانتیں، تدلیس شبلی، مسئلہ تقیہ، خلافة خیر البشر، رجال فکر و نظر، فلسفہ اسلام یا علم کلام سر فہرت ہیں ۔

10 شوال

1۔ آغاز جنگ خندق ۔ سن 5 ہجری

11 شوال

1۔ شھادت عبدالعلی مزاری رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1415 ہجری

شیعیان افغانستان کے رہبر جناب عبدالعلی مزاری رحمۃ اللہ علیہ کا یہ قول مشہور ہے "میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ عظیم افتخار ہمارے اور آپ کے لئے کافی ہے کہ ہم امیرالمومنین علی علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کے پیروکار ہیں۔ "

12 شوال

1۔ وفات شیخ بہائی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1031 ہجری

دسویں اور گیارہویں صدی ہجری کے عظیم شیعہ عالم ، فقیہ ، محدث، ادیب، شاعر، حکیم اور ریاضی دان جناب محمد بن عز الدین حسین المتخلص بہ بہائی المعروف بہ شیخ بہائی رحمۃ اللہ علیہ نے مختلف اہم موضوعات پر ۱۰۰ سے زیادہ کتابیں تالیف فرمائی، اسی طرح امیرالمومنین علیہ السلام کے روضہ مبارک نجف اشرف، امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک مشہد مقدس ، اصفہان کی مسجد امام کا گنبد، مینار جنبان (متحرک مینار) وغیرہ آپ کے انجینیرنگ میں مہارت پر دلیل ہیں۔

13 شوال

1۔ ولادت شہید ثانی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 911 ہجری

جناب زین الدین بن نورالدین علی بن احمد عاملی المعروف بہ شہید ثانی رحمۃ اللہ علیہ کو شیعہ فقہ کے ساتھ ساتھ اہل سنت کی چاروں فقہوں میں مہارت تھی، بلکہ آپ پانچ فقہوں کی تدریس فرماتے تھے۔ آپ نے شہید اول رحمۃ اللہ علیہ کی مشہور کتاب اللمعۃ الدمشقیہ کی شرح الروضۃ البہیہ تالیف فرمائی جو آج بھی شیعہ حوزات علمیہ اور مدارس دینیہ کے نصاب کی زینت ہے۔

2۔ وفات آیۃ اللہ العظمیٰ محمد طہ نجف رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1323 ہجری

3۔ عراقی عوام و مومنین نے آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا محمد تقی شیرازی رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں انگریزوں کے خلاف قیام کیا۔ سن 1338 ہجری

4۔ وفات آیۃ اللہ العظمیٰ سید حسین طباطبائی بروجردی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1380 ہجری

آیۃ اللہ العظمیٰ سید حسین طباطبائی بروجردی رحمۃ اللہ علیہ نے 17 برس تک حوزہ علمیہ قم کی زعامت اور سربراہی فرمائی اور 15 برس تک عالم تشیع کے مرجع تقلید تھے۔ قم مقدس ایران میں کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک سے متصل مسجد اعظم اور کتب خانہ آپ کی یادگار ہے۔

14 شوال

1۔ مرگ عبد الملک بن مروان ۔ سن 86 ہجری

عبدالملک بن مروان نے اپنے گورنر حجاج بن یوسف کے ذریعہ خانہ کعبہ پر منجنیق سے حملہ کرایا اور بہت سے لوگوں خصوصا شیعوں کو قتل کرایاؕ

2۔ وفات جناب قطب راوندی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 573 ہجری

عظیم شیعہ عالم ، محدث، مفسر، متکلم، فقیہ اور مورخ جناب سعید بن ہبۃ اللہ راوندی کاشانی المعروف قطب راوندی رحمۃ اللہ علیہ کی مشہور کتاب الخرائج و الجوارح ہے، آپ کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک کے صحن امام رضا علیہ السلام میں دفن ہیں۔

3۔ وفات حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمد خمینی رحمۃ اللہ علیہ (فرزند امام خمینی قدس سرہ) سن 1415 ہجری

4۔ وفات استاد اخلاق، نامور خطیب و مبلغ حجۃ الاسلام و المسلمین سید عبداللہ فاطمی نیا رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1443 ہجری

15 شوال

1۔ شہادت امام جعفر صادق علیہ السلام ۔ سن 148 ہجری

2۔ جنگ بنی قینقاع ۔ سن 2 ہجری

3۔ جنگ احد میں شہادت حضرت امیر حمزہ علیہ السلام (رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے چچا) سن 3 ہجری

4۔ معجزہ رد الشمس(امیرالمومنین علیہ السلام کے لئے سورج پلٹا) سن 7 ہجری

5۔ وفات امام زادہ سید عبدالعظیم حسنی علیہ السلام (شہر ری، تہران) سن 252 ہجری

16 شوال

1۔ وفات سید عبدالکریم بن احمد حلی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 693 ہجری

جناب سید ابن طاووس رحمۃ اللہ علیہ کے بھتیجے جناب سید عبدالکریم بن احمد حلی رحمۃ اللہ علیہ نے چار برس کی عمر میں لکھنا پڑھنا شروع کیا اور محض 40 دن میں لکھنا پڑھنا سیکھ لیا ، نیز 9 برس کی عمر میں قرآن کریم حفظ فرمایا۔

2۔ وفات علامہ عبداللہ مامقانی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1351 ہجری

ماہر علم رجال علامہ عبداللہ مامقانی رحمۃ اللہ علیہ کی علم رجال میں مشہور کتاب تنقیح المقال فی احوال الرجال ہے۔

17 شوال

1۔ آغاز جنگ خندق۔ سن 5 ہجری

2۔ وفات جناب اباصلت ہروی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ (امام علی رضا علیہ السلام کے صحابی) سن 207 ہجری

3۔ وفات ملا عباس تربتی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1362 ہجری

عالم، عارف، واعظ ملا عباس تربتی رحمۃ اللہ علیہ شرعی رقوم کے استعمال سے پرہیز فرماتے تھے، ان کے فرزند کا بیان ہے کہ ہم دو بھائی طالب علم تھے اس کے باوجود ہمارے والد نے شرعی رقوم میں کبھی کچھ نہ دیا اور ایسی تربیت کی کہ ہمارے لئے شرعی رقوم کو ہاتھ لگانا سانپ ، بچھو کو ہاتھ لگانے جیسا ہے۔

18 شوال

1۔ وفات ابن ادریس حلی رحمۃ اللہ علیہ۔ سن 598 ہجری

چھٹی صدی ہجری کے عظیم شیعہ عالم ، فقیہ ، اصولی، مفسر جناب علامہ محمد بن منصور بن احمد بن ادریس حلی المعروف بہ ابن ادریس حلی رحمۃ اللہ علیہ فقہ، اصول فقہ اور تفسیر کے ماہر تھے، آپ نے اصول فقہ اور فقہ کو نمایاں ترقی عطا فرمائی۔

2۔ ولادت آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا حسین نوری رحمۃ اللہ علیہ (صاحب کتاب مستدرک الوسائل) سن 1254 ہجری

3۔ وفات آیۃ اللہ سید محمود طالقانی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1399 ہجری

اسلامی انقلاب ایران کی کامیابی کے بعد تہران میں پہلی نماز جمعہ عالم ، مجاہد ، مفسر قرآن و شارح نہج البلاغہ آیۃ اللہ سید محمود طالقانی رحمۃ اللہ علیہ کی امامت میں ہوئی۔

20 شوال

1۔ امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کو عباسی حاکم ہارون ملعون نے گرفتار کرایا اور مدینہ منورہ سے آپ کو بغداد لے جایا گیا۔ سن 179 ہجری

2۔ وفات آیۃ اللہ میرزا جواد آقا نوری رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1323 ہجری

21 شوال

1۔ مسلمانوں نے اندلس فتح کیا۔ سن 92 ہجری

23 شوال

1۔ وفات میر محمد حسین خاتون آبادی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1151 ہجری

میر محمد حسین خاتون آبادی رحمۃ اللہ علیہ نے علامہ محمد باقر مجلسی رحمۃ اللہ علیہ (صاحب کتاب بحار الانوار) جیسے عظیم اساتذہ سے کسب فیض کیا، اپنے والد کے بعد اصفہان کے امام جمعہ مقرر ہوئے اور آخر شیخ الاسلام (رہبر مسلمین) قرار پائے۔

2۔ وفات آیۃ اللہ العظمیٰ سید نعمت اللہ جزائری رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1112 ہجری۔

بارہویں صدی ہجری کے عظیم شیعہ عالم ، محدث آیۃ اللہ العظمیٰ سید نعمت اللہ جزائری رحمۃ اللہ علیہ نے علامہ محمد باقر مجلسی رحمۃ اللہ علیہ، آقا جمال خوانساری رحمۃ اللہ علیہ، فیض کاشانی رحمۃ اللہ علیہ اور شیخ حر عاملی رحمۃ اللہ علیہ سے کسب فیض کیا ۔ آپ نے کثرت سے کتابیں تالیف فرمائی۔ اللہ تبارک و تعالیٰ نے جس طرح آپ کو علم و فقاہت عطا کیا اسی طرح آپ کی نسل میں بھی علم و فقاہت کو قرار دیا اور سب نے دین کی خدمت کی۔ آیۃ اللہ مفتی سید طیب آقا جزائری رحمۃ اللہ علیہ آپ ہی کی نسل سے تھے۔

25 شوال

1۔ شہادت امام جعفر صادق علیہ السلام ۔ سن 148 ہجری

2۔ شاہ ایران محمد رضا پہلوی کے سپاہیوں نے مدرسہ فیضیہ قم مقدس ایران پر حملہ کیا۔ سن 1382 ہجری

26 شوال

1۔ وفات عالم، فقیہ ، متکلم و مفسر سید ہبۃ اللہ شہرستانی رحمۃ اللہ علیہ ۔ سن 1386 ہجری

27 شوال

1۔ وفات آیۃ اللہ سید جواد حسینی خامنہ ای رحمۃ اللہ علیہ (والد ماجد رہبر انقلاب اسلامی آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ )۔ سن 1406 ہجری

28 شوال

1۔ ولادت مرجع تقلید ، فقیہ، اصولی، متکلم و مفسر آیۃ اللہ العظمیٰ جعفر سبحانی دام ظلہ ۔ سن 1347 ہجری

2۔ وفات رہبر کبیر انقلاب آیۃ اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی خمینی قدس سرہ۔ سن 1409 ہجری

3۔ مجلس خبرگان رہبری نے آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ کو بعنوان رہبر انقلاب اسلامی انتخاب کیا۔ سن 1409 ہجری

4۔ وفات مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمیٰ میرزا جواد تبریزی رحمۃ اللہ علیہ ( بانیٔ تحریک عزائے فاطمی) سن 1427 ہجری

تبصرہ ارسال

You are replying to: .