۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
آئی ایس او کراچی

حوزہ/ شرکاء جشن سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ اسرائیل کا خاتمہ جلد قریب ہے، اسرائیل پر مقاومت اسلامی کے مسلسل حملے اس بات کا عکاس ہیں کہ اسرائیل کا وجود مشرق وسطح میں خطرے میں پڑ چکا ہے، اسرائیل پر ایران کا حملہ تمام عالم اسلام کی کامیابی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے اسرائیل پر ایرانی حملے کی کامیابی پر آغاز فتح بیت المقدس کے عنوان سے جشن کا انعقاد نمائش چورنگی پر کیا گیا، جشن میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسرائیل پر ایران کی جانب سے کئے گئے ڈرون حملوں پر خوشی کا اظہار کیا۔

نمائش چورنگی پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کراچی ڈویژن کے صدر ظفر حیدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل اپنی نابودی کے سفر کی جانب گامزن ہے، پہلے حماس اور اب ایرانی مجاہدین نے اسرائیل کے ناقابل تسخیر ہونے کا دعوی خاک میں ملا دیا ہے، اسرائیل اب صہیونیوں کی محفوظ پناہ گاہ کے بجائے ایک غیر محفوظ خطے کے طور پر سامنے آرہا ہے، صہیونی اب قابض صہیونی ریاست چھوڑ کر یورپ اور امریکہ میں محفوظ پناہ گاہیں تلاش کرنے پر مجبور ہیں، مقاومت اسلامی کی کوششوں سے جلد بیت المقدس قابض صہیونی ریاست اسرائیل کے چنگل سے آزاد ہوگا۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے وائس چیئرمین علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ اسرائیل کا خاتمہ جلد قریب ہے، اسرائیل پر مقاومت اسلامی کے مسلسل حملے اس بات کا عکاس ہیں کہ اسرائیل کا وجود مشرق وسطح میں خطرے میں پڑ چکا ہے، دنیا بھر کے صہیونی اسرائیل کی شہریت حاصل کرنا نہیں چاہتے، اسرائیل پر ایران کا حملہ تمام عالم اسلام کی کامیابی ہے۔

شرکاء جشن سے اپنے خطاب میں مرکزی رہنماء شیعہ علماء کونسل پاکستان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام میں ایرانی سفارت خانے کو نشانہ بنایا، ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ بین الاقوامی قوانین کے عین مطابق ہے، ایران نے اپنے حملوں میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے سے گریز کیا اور غاصب ریاست کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، مغربی میڈیا اسرائیل میں ہونے والے نقصانات کو دنیا سے چھپا رہا ہے، ایران کے حملے میں اسرائیلی فضائیہ کے ہوائی اڈوں کے ساتھ دیگر فوجی تنصیبات بھی تباہ ہوئی ہیں جہاں سے اسرائیل غزہ کے مظلوم عوام کو نشانہ بنا رہا تھا۔

دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قوانین کے مطابق ایران کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے اور وہی حق ایران نے استعمال کرتے ہوئے غاصب ریاست کو اس ذلت بھری شکست سے دوچار کیا، ہم مسلمانان پاکستان تمام مقاومتی گروہ جو اس وقت غاصب ریاست اسرائیل سے برسرپیکار ہیں ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اسرائیل کی جلد بربادی و نابودی کے لیے دعا گو ہیں۔

مقررین میں جمیعت علماء پاکستان کے رہنما قاضی احمد نورانی، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم، معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی، بزرگ عالم دین مرزا یوسف حسین، پاک محرم ایسوسی ایشن کے رہنماء سرور علی اور علامہ سید صادق رضا تقوی شامل تھے، پروگرام کے اختتام پر دعائے سلامتی امام زمانہ (عج) علامہ صادق جعفری نے پڑھائی جبکہ اس موقع پر عظیم الشان آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور شرکا میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .