۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
رضوی ہاسپٹل

حوزہ/ عشرۂ کرامت اور حضرت امام علی رضا (ع) کی ولادتِ با سعادت کے موقع پر آستانہ قدس رضوی کے متولی اور ایرانی وزیرِ صحت کی موجودگی میں ایران کے مشرقی شہر، مشہد مقدس میں واقع رضوی ہاسپٹل کے اندر’’بشری‘‘نام سے بانجھ پن کے علاج (IVF) کیلئے سب سے بڑے پرائیوٹ مرکز کا افتتاح کیا گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق؛ افتتاحی تقریب کا انعقاد رضوی ہاسپٹل کے کانفرنس ہال میں کیا گیا، جس میں آستانہ قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین احمد مروی، وزیر صحت ڈاکٹر بہرام عین اللہی، نائب متولی جناب مصطفٰی فیضی، رضوی ہاسپٹل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ڈاکٹر فریدون نوحی، ہاسپٹل کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر محسن محور، مشہد مقدس کی یونیورسٹی آف میڈیکل سائنس کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمود شبستری سمیت ڈاکٹروں اور ماہرینِ صحت کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بانجھ پن کے علاج کے اس خصوصی مرکز کی تعمیر کا کام آستانہ قدس رضوی کے متولی کی جانب سے آبادی میں اضافہ کے لئے کی جانے والی تاکید ات کی بنیاد پر اگست 2022ء سے شروع کیا گیا، جس کا مقصد بچوں کی پیدایش سے متعلق پالیسیوں کا نفاذ، بانجھ پن کا شکار ہونے والے جوڑوں کے علاج کے لئے مدد فراہم کرنا، نیز رضوی ہاسپٹل میں بانجھ پن کے شعبے میں دی جانے والی خدمات کو مزید بہتر بنانا اور زیادہ سے زیادہ مریضوں کے علاج کے لئے جگہ فراہم کرنا ہے۔

بانجھ پن کا خصوصی مرکز ’’بشری‘‘ جدید ترین طبی آلات وسائل سے لیس ہے جس میں ملکی و غیر ملکی مریضوں کو گائنی کولوجسٹ، بانجھ پن، ایمبریالوجی، یورولوجی، جینیات، آنکولوجی اور سائیکالوجی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے انتہائی ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے کے ذریعہ خدمات فراہم کی جاتی ہیں، بانجھ کے اس طبی مرکز کو 2 ہزار 900 مربع میٹر رقبہ پر تیار کیا گیا ہے۔

انسانی طبی مرکز کے الگ الگ شعبوں اور یونٹوں میں بانجھ پن کے علاج کے لئے خصوصی کلینک، IVF ڈیپارٹمنٹ، آپریشن تھیٹرز، خصوصی لیبارٹری، بانجھ سے متعلق مشاورتی کلینک، غیر ملکی مریضوں کو ایڈمٹ کرنے کا خصوصی ڈیپارٹمنٹ(IPD)، قانونی ڈیپارٹمنٹ اور میڈیکل اسٹورز شامل ہیں۔

اس خصوصی مرکز میں دنیا میں رائج بانجھ پن کے علاج کے تمام طریقے پائے جاتے ہیں؛ آسان ترین علاج سے لے کر جدید ترین علاج جیسے IUI,IVF,، مائیکرو انجکشن، Embryo donation جنین عطیہ کرنے، متبادل بچہ دانی یا بیضہ دانی، اسپرمز اور بیضوں کو منجمد کرنے، بیضہ دانی کاپی آر پی، ہسٹروسکوپی، لیپروسکوپی،اینڈومیٹریوما اور اینڈومیٹرائیوما کی سرجری جیسے امور شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ایران کے مشرقی شہر مشہد مقدس میں بانجھ پن کے علاج کے سب سے بڑے مرکز کے افتتاح کے ساتھ ہی رضوی ہاسپٹل میں ملٹی اسٹوری پارکینگ پروجیکٹ اور ایم آر آئی ڈیپارٹمنٹ کا ترقیاتی منصوبہ بھی مکمل ہو گیا۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .