۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
غزہ

حوزہ/ غزہ کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ آج غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے جس کے بعد شہداء کی تعداد بڑھ کر 36 ہزار 96 ہوگئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غزہ کی وزارت صحت نے آج سہ پہر (منگل کو) جنگ کے 235ویں دن فلسطینی شہداء اور زخمیوں کی تعداد کے حوالے سے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ دہشت گرد اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں مزید 5 بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔

اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امدادی فورسز 46 شہداء اور 110 زخمیوں کو غزہ کے اسپتالوں میں منتقل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔

وزارت صحت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ شہداء کی ایک بڑی تعداد اب بھی ملبے کے نیچے ہے اور جنگی حالات میں ریسکیو فورسز کو ان تک رسائی نہیں ہے۔

اس بیان کے مطابق شہداء کی تعداد 36 ہزار 96 اور زخمیوں کی تعداد 81 ہزار 136 تک پہنچ گئی ہے۔

اسرائیلی حکومت کی فوج نے غزہ کی پٹی میں طبی سہولیات، تعلیمی سہولیات اور عبادت گاہوں سمیت کئی مقامات کو تباہ کر دیا ہے، غزہ کے لوگ اسرائیلی فوج کے محاصرے میں ہیں اور انہیں ادویات اور خوراک کی اشد ضرورت ہے، اس وقت غزہ میں کوئی بھی جگہ محفوظ نہیں ہے جہاں فلسطینی سکون سے سانس لے سکیں، پناہ گزیں کیمپوں پر بھی حملے کئے جا رہے ہیں۔

اسرائیلی فوج بڑی مشکل سے انسانی امداد لے جانے والے ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کی اجازت دیتی ہے اور یہ ٹرک سخت معائنہ کے بعد ہی غزہ میں داخل ہوتے ہیں۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .