۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
مسعود پزشکیان

حوزہ/ ملک کے اقتصادی مسائل اور ان سے باہر نکلنے کی راہوں کا جائزہ، آئندہ سال کے بجٹ پر تبادلہ خیال

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،صدر جمہوریہ جناب مسعود پزشکیان نے پیر کے روز رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کی جس میں مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال ہوا اور خاص طور پر ملک کے اقتصادی مسائل اور ان سے باہر نکلنے کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جن ترجیحات پر اس گفتگو کے دوران زور دیا گیا وہ ٹرانزٹ، گیس نیٹ ورک، ریلوے نیٹ ورک اور باہمی تجارت کے شعبوں کے ساتھ ہی ھمسایہ ملکوں سے تعلقات کو فروغ دیئے جانے کے موضوعات تھے۔

صدر مملکت نے بتایا کہ ان کی حکومت چین کے ساتھ تعاون اور ان ملکوں کے ساتھ تعاون میں توسیع کا ارادہ رکھتی ہے جو اسلامی جمہوریہ کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون کے خواہاں ہیں۔

صدر پزشکیان نے بتایا کہ ان کی حکومت نے ہمسایہ ملکوں اور دوسرے ملکوں کے ساتھ تعلقات میں فروغ کا اچھا منصوبہ تیار کیا ہے اور رھبر معظم انقلاب اسلامی نے ان اچھے منصوبوں کو جلد سے جلد عملی شکل دئے جانے پر تاکید کی ہے۔

مسعود پزشکیان نے تاکید کی کہ اگر یہ معاہدے عملی جامہ پہن لیں تو عوام کے کاندھوں سے پابندیوں کے سبب پڑنے والے بہت سے بوجھ ہٹ جائیں گے۔

صدر نے مزید کہا کہ ہمارے تعاون کا دائرہ صرف ہمسایہ اور کچھ دوسرے ملکوں تک محدود نہیں ہے بلکہ ہم عزت، حکمت اور قومی مفادات کی بنیاد پر دنیا کے مختلف ملکوں کے ساتھ گفتگو کر رہے ہیں۔

جناب مسعود پزشکیان نے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ معاہدوں اور سمجھوتوں کا عملی جامہ پہننا بڑے اقدامات کی تمہید ثابت ہوگا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے آئندہ ایرانی سال 1404 ہجری شمسی کے بجٹ کے بارے میں جو 21 مارچ سنہ 2025 سے شروع ہوگا، کہا کہ کم آمدنی والے طبقے پر ٹیکس کم کرکے ان کی قوت خرید کو بڑھانا آئندہ سال کے بجٹ میں ان کی حکومت کی سب بڑی ترجیحات میں سے ہے۔

اسی طرح انہوں نے صحت، تعلیم و تربیت کے میدانوں اور اسی طرح بنیادی ضرورت کی چیزوں میں کم آمدنی والے طبقے کے لئے حکومت کی طرف سے سپورٹ بڑھانے کو آئندہ سال کے بجٹ میں اپنی حکومت کی دوسری ترجیح قرار دیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے بتایا کہ ان کی حکومت آئندہ سال کے بجٹ کو مقررہ وقت پر پارلیمنٹ کو بھیجنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے مدنظر بجٹ کے بل کے جائزہ کے لئے پابندی سے کابنیہ کا اجلاس ہوتا ہے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .