۲۵ آذر ۱۴۰۳ |۱۳ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 15, 2024
تحفۃ العارفین

حوزہ/ مولانا سید رضا حیدر زیدی  مدیر حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو کی تالیف کردہ کتاب "تحفۃ العارفین" معرفت پروردگار کے سلسلہ میں بہترین رہنما ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،بندہ اور خدا کے درمیان کسی حجاب کا حائل نہ ہونا ہی حقیقی عرفان ہے، معرفت پروردگار کو ہی دین کہتے ہیں اور اللہ کی معرفت اسی وقت حاصل ہوگی جب انسان خود اپنی معرفت حاصل کر لے، اپنی حیثیت کو پہچان لے۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ جو معرفت پروردگار کو حاصل کر لیتا ہے تو سید العارفین امیر المومنین امام علی ابن ابی طالب علیہ السلام کے فرمان کی روشنی میں وہ اس خدا کی عبادت کرتا ہے جس کا چشم دل سے مشاہدہ کرتا ہے، اس کی عبادت نہ جہنم کے خوف میں ہوتی ہے اور نہ جنت کے شوق میں ہوتی ہے بلکہ وہ لائق عبادت سمجھ کر اپنے معبود کی عبادت کرتا ہے۔‌

اگرچہ اہل تصوف نے حق کے بہت سے نعرے لگائے اور کمال تصوف کے بہت سے جملات ورد زبان کئے کہ عام اذہان انسانی نے انہیں معرفت کا نمونہ سمجھا لیکن ان کے نعروں میں کہیں "العیاذ باللہ" لامحدود محدود نظر آتا ہے تو کہیں لا شریک شریک نظر آتا ہے۔ لیکن جنہوں نے بہ ذریعہ اہل بیت اطہار علیہم السلام معرفت پروردگار کی منزلوں کو طے کیا تو انہیں ہر ممکن میں واجب کے جلوے نظر آتے ہیں۔

جب معرفت میں پختگی ہوتی ہے تو انسان وہی دیکھتا ہے جو خدا چاہتا ہے، وہی سنتا ہے جو مالک چاہتا، وہی کرتا ہے جو معبود کی مرضی ہوتی ہے۔ نہ اسے دنیا کا کوئی غم غمگین کر سکتا ہے اور نہ ہی کوئی خوشی اسے خوشحال کر سکتی۔ وہ نہ کسی کی تعریف سے خوش ہوتا ہے اور نہ ہی کسی کی ملامت سے ملول ہوتا ہے۔

حصول معرفت کا بہترین ذریعہ قرآن کریم اور اسکی آیتیں ہیں۔ قرآن کریم کے بعد عِدلِ قرآن یعنی اہلبیت علیہم السلام کے تعلیم کردہ احکام، دعائیں اور نمازیں ہیں۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی مدیر حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو کی تالیف کردہ کتاب "تحفۃ العارفین" معرفت پروردگار کے سلسلہ میں بہترین رہنما ہے۔

"تحفۃ العارفین" مولانا سید رضا حیدر زیدی کی تالیف کردہ ایک گرانقدر کتاب ہے جو معرفت پروردگار کے موضوع پر مشتمل ہے۔ اس کتاب میں 6 ابواب شامل ہیں جن میں منتخب قرآنی سوروں اور آیتوں کے فضایل و فواید، معصومین علیہم السلام کی تعلیم کردہ دعائیں، اور مستحب نمازوں کے فضایل بیان کئے گئے ہیں۔

کتاب کا مطالعہ کرنے والے کو مختلف موضوعات کا احاطہ ملتا ہے؛ جہاں توحید، نبوت، ولایت، اور معاد کے بارے میں تفصیلی تذکرے ہیں، وہیں فقہی احکام اور اسلامی اخلاقیات بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، کتاب میں معاصر مراجع کرام کے فتاویٰ کی روشنی میں احکام بھی پیش کیے گئے ہیں، جس سے اس کی جامعیت اور سندیت کا اظہار ہوتا ہے۔

"تحفۃ العارفین" کی ایک اہم خصوصیت اس کا فلسفہ دعا اور اسلامی تعلیمات کے ساتھ گہرے تعلق کا بیان ہے۔ کتاب ان افراد کے لیے بہترین رہنما ہے جو معرفت الٰہی کے اعلیٰ مدارج تک رسائی چاہتے ہیں اور روحانی زندگی میں بہتری کے خواہاں ہیں۔

کتاب کے حصول کے لیے حوزہ علمیہ غفرانمآب، چوک لکھنو سے رابطہ کیا جا سکتا ہے: 00919833028596

کتاب "تحفۃ العارفین" کا دوسرا ایڈیشن منظر عام پر آ گیا

تبصرہ ارسال

You are replying to: .