حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت امیرالمومنین علیہ السلام کی حدیث کی روشنی میں دین کی پہلی منزل کا نام معرفت۔ یعنی جس کے پاس معرفت نہیں اس کے پاس دین نہیں۔
یہ معرفت جہاں انسان کے دیندار اور بے دین ہونے کا معیار ہے وہیں انسان کی دینی شخصیت کا دارو مدار بھی اسی معرفت پر۔ جس کے پاس جتنی معرفت ہو گی اس کا ایمان اتنا ہی قوی، اخلاق میں حُسن اور نیت میں اخلاص ہو گا نتیجہ میں انجام دئیے گئے اعمال کا شمار اعمال صالحہ میں ہوگا۔
جب معرفت میں پختگی ہوتی ہے تو انسان وہی دیکھتا ہے جو خدا چاہتا ہے، وہی سنتا ہے جو مالک چاہتا، وہی کرتا ہے جو معبود کی مرضی ہوتی ہے۔ نہ اسے دنیا کا کوئی غم غمگین کر سکتا ہے اور نہ ہی کوئی خوشی اسے خوشحال کر سکتی۔ وہ نہ کسی کی تعریف سے خوش ہوتا ہے اور نہ ہی کسی کی ملامت سے ملول ہوتا ہے۔
حصول معرفت کا بہترین ذریعہ قرآن کریم اور اسکی آیتیں ہیں۔ قرآن کریم کے بعد عِدلِ قرآن یعنی اہلبیت علیہم السلام کے تعلیم کردہ احکام، دعائیں اور نمازیں ہیں۔
عالم جلیل، فاضل نبیل، معلم، مربی، محقق و مبلغ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ مدیر حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب لکھنو کی تالیف کردہ کتاب "تحفۃ العارفین" معرفت پروردگار کے سلسلہ میں بہترین رہنما ہے۔
مولف کی گرانقدر تالیف 6 ابواب پر مشتمل ہے۔ جسمیں منتخب قرآنی سوروں اور آیتوں کی فضایل و فواید، معصومین علیہم السلام کی تعلیم کردہ دعائیں اور مستحب نمازوں اور انکے فضایل و فواید شامل ہیں۔
کتاب کے مطالعہ سے قاری کے لئے واضح ہو جائے گا کہ اگرچہ یہ اعمال و ادعیہ کی کتاب ہے لیکن اس میں کہیں گلشن عقائد سے توحید کے پھول ہیں تو کہیں نبوت و ولایت کے پھول ہیں تو کہیں معاد کا تذکرہ ہے۔ اسی طرح متعدد مقامات پر فقہی احکام مرقوم ہیں وہ بھی موجودہ مراجع کرام دامت برکاتہم کے فتاویٰ کی روشنی میں احکام فاضل مولف نے نقل کئے ہیں تو کہیں اسلامی اخلاق کا بیان ہے۔
آخر میں دو نکات کی جانب توجہ دلانا مقصود ہے کہ تمام تر دنیوی وسائل کی فراہمی کے باوجود اکثر اوقات انسان ایسی مشکلات میں گرفتار ہوتا ہے جس میں خدا کے علاوہ کوئی چارہ ساز نظر نہیں آتا۔ دوسرے جب دور حاضر میں ہر جانب ایسے گمراہ کن منگھڑنت وردوں کا بازار گرم ہو جس سے انسان خدا سے نزدیک ہونے کے بجائے دور ہو رہا ہو۔ نہ صرف اعمال بلکہ عقائد کی بنیادیں بھی ہلانے کی ناکام کوششیں جاری ہوں تو ضروری تھا کہ ایک ایسا منتخب مجموعہ پیش کیا جائے جو نسل حاضر و آئندہ کے لئے مشعل راہ ہو۔
یقینا حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ نے انتہائے اخلاص اور دقت نظر سے اسے ترتیب دیا ہے۔ امید ہے کہ اہل ایمان کی بزم کی زینت قرار پائے گا اور مقبول خاص و عام ہو گا۔
کتاب حاصل کرنے کے لئے رابطہ کریں
امامیہ مشن 467/74K شیش محل حسین آباد چوک لکھنو۔ (حوزہ علمیہ غفرانمآب چوک لکھنو۔)