حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پٹنہ-بہار/ اسلام عدل و انصاف اور مساوات و مواسات کا مذہب ہے۔اسلام کسی بھی مخلوق کے معاملہ میں ظلم و زیادتی ،زور زبردستی،حق تلفی اور نا انصافی کو گوارا نہیں کرتا۔قرآن مجید میں ہے ’’مردوں کو ان کے کئے کا حصہ ملے گا اور عورتوں کو ان کے کئے کا حصہ ملے گا‘‘(سور نساء ،آیت ۲۱)۔عدل کا تقاضہ کبھی مساوات اور برابری کا ہوتا ہے اور کبھی کمی بیشی کے ساتھ تقسیم کا، اسلام کا قانون میراث بھی اسی اُصول پر مبنی ہے۔
ان خیالات کا اظہاراملو ،مبارکپور ضلع اعظم گڑھ یوپی سے تشریف لائے ہوئے معروف عالم و مبلغ و محقق حضرت مولانا ابن حسن املوی واعظ ،بانی و سرپرست حسن اسلامک ریسرچ سینٹر املو مبارکپو رنے بتاریخ ۲۱؍نومبر بروز جمعرات بوقت ۷؍بجے شب بمقام امامیہ امام بارگاہ ،مغل پورہ،پٹنہ سیٹی مرحومہ سیدہ ناظمہ بیگم بنت سید تفضل حسین مرحوم کے ایصال ثواب کی غرض سے ضیاءحسن،منیر حسن منّا،نیاز علی میثم،مولانا علی عباس رضوی ،عباس رضوی نادر پسران و دختر چھوٹی بازار ،پٹنہ سیٹی کی جانب سے منعقد مجلس ترحیم کو خطاب کرتے ہوئے اپنی تعزیتی تقریر کے دوران کیا۔
مولانا نے مزید کہا کہ وہ رسولؐ جس کی تعظیم کے لئے آج بھی ساری دنیا با ادب کھڑے ہو کر سلام کرتی ہے اس رسول ؐنے فاطمہ زہرا کے احترام میں کھڑے ہوکر اور یہ حدیث بیان فرما کر دنیا کو حیرت زدہ کردیا کہ ’’فاطمہ اپنے باپ کی ماں ہیں‘‘اور ’’فاطمہ میرا حصہ ہیں‘‘۔نیز یہ کہ ’’فاطمہ تمام عالمین کی عورتوں کی سردار ہیں‘‘۔دنیا میں کتنے معصوم انبیاء و اولیاء و اوصیاءو ائمہ آئے مگر حدیث رسول کے مطابق جنت میں سب سے پہلے جناب فاطمہؐ جائیں گی۔جناب فاطمہ کوئی نبی و رسول تو نہیں تھیں لیکن جزوِ رسالت ضرور تھیں اور بقول امام خمینی ؒ اگر فاطمہ زہرا ؐ مرد ہوتیں تو یقیناً منزل نبوت پر فائز ہوتیں۔بلا شبہ حضرت فاطمہ بعض فضائل و مناقب میں بڑے بڑے پیغمبروں سے افضل تھیں۔
مجلس عزاء کو خطاب رتے ہوئے مولانا سید شمسی رضا مظفر پوری نے کہا کہ حضرت رسول خدا نے فرمایا ہے کہ میری بیٹی فاطمہ میرے اہل بیت میں سب سے پہلے مجھ سے آکر ملے گی ،اور وہ اس حالت میں میرے پاس آئے گی کہ وہ بہت غمگین،دکھی،اور مظلومانہ طور پر شہید کی گئی ہوگی۔
پروگرام کا آغاز اولاً قرآن خوانی بعدہ‘ اقبال حسین عظیم آبادی کی مرثیہ خوانی سےہوا۔اس موقع پرمولانا سید اسد رضا گوپالپوری،مولانا سید امانت حسین گوپالپوری ،کرار علی صدر مدرسہ جعفریہ کوپاگنج مئو ،نیاز علی،ناظم حسین،حسن رضا سمیت کثیر تعداد میں مومنین نے مجلس میں شرکت کی۔