جمعہ 27 دسمبر 2024 - 07:30
حکومت پاراچنار کے عوام کے مطالبات تسلیم کرے، علامہ راجہ ناصر عباس کا کراچی دھرنے سے خطاب

حوزہ/ احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ پاراچنار میں عوام کو سفاکیت کا نشانہ بنایا گیا، ملک میں دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی بات کرنا جرم بن گیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاراچنار کے مظلوم عوام کے مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نمائش چورنگی کراچی پر جاری مرکزی احتجاجی دھرنے سے ٹیلیفونک خطاب کے دوران کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہا ہے، جہاں عوام کے لیے ملک زندان بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن عوام کو اغواء کرکے لاپتہ کر دیا جاتا ہے اور ان مظالم کا کوئی جواب دہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاراچنار میں عوام کو سفاکیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں۔ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی بات کرنا جرم بن چکا ہے۔ کرم ایجنسی میں راستوں کی بندش کے باعث غذائی اشیاء اور ادویات کی قلت سے انسانی المیہ جنم لے رہا ہے اور اموات ہو رہی ہیں۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ حکومت کو فوری طور پر راستے کھول کر عوام کو ریلیف دینا چاہیے اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے چاہئیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنا ملک گیر پُرامن احتجاج جاری رکھیں تاکہ مظلوم عوام کی آواز حکومت تک پہنچائی جا سکے۔

یہ احتجاج ملک بھر میں جاری دھرنوں کا حصہ ہے، جس میں مختلف شہروں کے عوام بھرپور شرکت کر رہے ہیں تاکہ پاراچنار کے مظلوموں کے حقوق کی بازیابی یقینی بنائی جا سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha