پیر 24 فروری 2025 - 07:00
مجمع علماء و خطباء حیدر آباد کی جانب سے استقبال ماہ رمضان کے عنوان سے عظیم الشان تقریب

حوزہ/ ہندوستان کے شہر حیدر آباد میں مجمع علماء و خطباء کی جانب سے استقبالِ ماہ رمضان المبارک کے عنوان سے ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و خطباء حیدر آباد ہندوستان کی جانب سے 23 فروری 2025 بمطابق ٢۴ شعبان المعظم ١۴۴٦ھ شبستانِ القائم (ع.ت.ف)، نور خان بازار میں استقبالِ ماہ رمضان المبارک کے عنوان سے اور جنرل باڈی میٹنگ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کا مقصد استقبالِ ماہِ رمضان اور مختلف کمیونٹی مسائل پر گفتگو تھا، اجلاس میں بڑی تعداد میں علماء و خطباء نے شرکت کی۔

اجلاس کی نظامت کے فرائض حجۃ الاسلام مولانا ڈاکٹر سید مقصود حسین جعفری صاحب قبلہ نے بخوبی ادا کیے، اجلاس کا آغاز حجۃ الاسلام مولانا عمار حیدرآبادی صاحب قبلہ کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس نے اجلاس کے روحانی ماحول کو مزید خوبصورت بنایا۔

حجۃ الاسلام مولانا ڈاکٹر سید مقصود حسین جعفری صاحب قبلہ نے امام زمانہ علیہ السّلام کے وجود کی برکتیں اور ان سے رابطہ پر تقریر کرتے ہوئے شہید حسن نصر اللہ اور دیگر شہداء کی تدفین پر مجمع کی جانب سے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پھر استقبالِ ماہِ رمضان المبارک کے موضوع پر کہا کہ مبلغین کی جہاں اہم ذمہ داریاں ہیں، وہیں اللہ کی طرف سے ان کا مقام بھی سب سے بلند ہے۔

انہوں نے روزہ اور روزہ دار کی فضیلت احادیث کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ بندگانِ خدا مہمان بننے والے ہیں، جبکہ میزبان خود خداوند متعال ہے، پس جیسے اللہ میزبانی میں ماہ صیام کی پہلی ہی تاریخ میں اپنے بندوں کی مغفرت کرتا ہے اور سانس لینا تسبیح کا ثواب اور سو جانے میں عبادت کا ثواب رکھا ہے، ویسے ہی مہمان کو بھی تیاری کر کے طیب و طاہر ہو کر مہمان بننے کی ضرورت ہے، تاکہ آنے والے مہینے سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکے۔

مجمع علماء و خطباء حیدرآباد کے صدر حجۃ الاسلام مولانا سید حنان رضوی صاحب قبلہ نے ایگزیکٹو باڈی کی ایک سالہ رپورٹ پیش کی۔

انہوں نے مجمع کے طریقہء کار پر روشنی ڈالتے ہوئے مستقبل کے مزید بہتر منصوبے پیش کیے اور اراکین کو مجمع کے کام کرنے کے طریقے سے آگاہ کیا، ایک سال میں مجمع نے کئی اہم کاموں کو انجام دیا، جن میں مجمع کا اپنا بینک اکاونٹ اور مجمع کے علماء و ذاکرین کے حقوق کے لیے مختلف جگہوں پر نمائندگی کرنا جدید سال کا کلینڈر اور مؤمنین کا تعاون حاصل کرنا اور مختلف شعبوں پر مجمع کا کام کرنا قابلِ ذکر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یک جہتی اور خلوص نیت سے ان شاء اللہ مجمع اپنے سفر کی منازل طے کرے گا، ہمیں چاہیے فتنہ وفساد اور بیہودہ کاموں کی طرف اور نکتہ چینی کرنے والوں کی طرف متوجہ نہ ہو کر اپنے امور کو بخوبی اور باحسن انجام دینے کی ضرورت ہے۔

اجلاس کے اختتام پر مجمع علماء و خطباء حیدر آباد کے بانی اور سرپرستِ اعلیٰ حجۃ الاسلام مولانا علی حیدر فرشتہ صاحب قبلہ نے علمائے کرام سے خطاب کرتے ہوئے اہم نکات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ جو کام ابھی مکمل نہیں ہوئے، ان پر زیادہ توجہ دی جائے گی اور علمائے کرام مل کر کمیونٹی کی ترقی اور بھائی چارگی کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے شیعہ اوقاف کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران اس تحفظ کو یقینی بنائیں، ناکام ہونے پر ہم سب کا فریضہ ہو گا کہ ان اوقاف کے لیے کھل کر سامنے آئیں اور علماء و خطباء اور مؤمنین مل کے اپنی میراث کی حفاظت کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ شہدائے لبنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور حیات ابدی حاصل کر لی، لہٰذا اس مختصر سی زندگی میں ایسا کچھ کرنے کی ضرورت ہے، جس سے ہم زندہ رہ سکیں۔

آخر میں سرپرست اعلی نے شہداء اور تمام مرحوم علماء و ذاکرین کے لیے فاتحہ خوانی کروائی اور دعائیہ کلمات سے اجلاس کا اختتام کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha