جمعہ 14 مارچ 2025 - 16:40
قرآنی علوم کے فروغ میں جامعة المصطفیٰ کا کردار، حوزہ نیوز سے خصوصی گفتگو

حوزہ/ جامعة المصطفیٰ العالمیہ نے 32ویں بین الاقوامی قرآن کریم نمائش میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے علمی، تحقیقی اور قرآنی منصوبوں کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ اس موقع پر جامعة المصطفیٰ کے مدیر امور علمی، حجت‌الاسلام والمسلمین ڈاکٹر صفری نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نمائش میں شرکت کے مقاصد، قرآنی علوم کے فروغ اور جامعة المصطفیٰ کی علمی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلامی جمہوریہ ایران کے شہر تہران میں بین الاقوامی قرآن کریم نمائش ہر سال دینی، علمی اور تحقیقی اداروں کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنی قرآنی سرگرمیوں اور خدمات کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔ اس سال مصلیٰ تہران میں منعقدہ 32ویں بین الاقوامی قرآن کریم نمائش میں بھی مختلف علمی و دینی مراکز کی شرکت رہی، جن میں جامعة المصطفیٰ العالمیہ بھی نمایاں نظر آیا۔ جامعة المصطفیٰ نے اس نمائش میں ایک مخصوص اسٹال کے ذریعے اپنی علمی کاوشوں، تحقیقی منصوبوں اور قرآنی علوم کے فروغ کے حوالے سے خدمات کو متعارف کرایا۔

اس موقع پر جامعة المصطفیٰ العالمیہ کے مدیر امور علمی، حجت‌الاسلام والمسلمین ڈاکٹر صفری نے حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کی، جس میں انہوں نے نمائش میں جامعة المصطفیٰ کی شرکت، اس کے مقاصد اور علمی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔

قرآنی علوم کے فروغ میں جامعة المصطفیٰ کا کردار، حوزہ نیوز سے خصوصی گفتگو

حوزہ نیوز: آپ جامعة المصطفیٰ العالمیہ کی جانب سے اس بین الاقوامی نمائش میں شرکت کو کس نظر سے دیکھتے ہیں اور اس میں شرکت کا مقصد کیا ہے؟

حجت‌الاسلام والمسلمین ڈاکٹر صفری: بین الاقوامی قرآن کریم نمائش، ایک ایسا علمی و ثقافتی موقع ہے جو قرآن کریم کی معارف کو پھیلانے اور قرآنی علوم پر ہونے والی جدید تحقیقات کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ جامعة المصطفیٰ العالمیہ، جو ایک بین الاقوامی علمی و دینی مرکز ہے، ہمیشہ قرآنی علوم کے فروغ میں پیش پیش رہا ہے۔ اس نمائش میں شرکت کا مقصد بھی یہی ہے کہ جامعة المصطفیٰ کی قرآنی سرگرمیوں، تحقیقاتی کاموں، علمی منصوبوں اور بین الاقوامی سطح پر اس کے علمی اثرات کو متعارف کرایا جائے۔

حوزہ نیوز: جامعة المصطفیٰ نے اس نمائش میں کن خاص موضوعات پر توجہ دی ہے اور یہاں آپ کے اسٹال میں کیا کچھ پیش کیا جا رہا ہے؟

حجت‌الاسلام والمسلمین ڈاکٹر صفری: جامعة المصطفیٰ العالمیہ کے اسٹال میں کئی علمی اور تحقیقی منصوبے پیش کیے جا رہے ہیں، جن میں سے چند نمایاں امور درج ذیل ہیں:

1. رہبر انقلاب اسلامی کی قرآنی فکر کا تعارف – اس میں حضرت امام خامنہ‌ای (مدظلہ العالی) کی قرآنی تعلیمات اور ان کے نظریات کی وضاحت پر خصوصی نشستیں رکھی گئی ہیں۔

2. قرآن اور جدید علوم کا تعلق – قرآنی تعلیمات کو جدید علوم، جیسے سیاست، سماجیات، نفسیات اور تربیت کے ساتھ جوڑنے کے لیے تحقیقی مقالات اور علمی مباحثے پیش کیے جا رہے ہیں۔

3. جامعة المصطفیٰ کی قرآنی خدمات کا تعارف – اس میں جامعة المصطفیٰ کے مختلف تحقیقی منصوبے، قرآنی سافٹ ویئر، علمی مقالات اور تحقیقی کتب شامل ہیں۔

4. نئے قرآنی تحقیقی کاموں اور کتب کی رونمائی – حالیہ برسوں میں جامعة المصطفیٰ کے اساتذہ اور محققین کی جانب سے قرآنی علوم پر جو نئی تحقیقات سامنے آئی ہیں، انہیں نمائش میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔

5. فارغ التحصیل طلبہ کی خدمات کا تعارف – جامعة المصطفیٰ کے ایسے فارغ التحصیل طلبہ جو مختلف ممالک میں دینی، علمی اور قرآنی خدمات انجام دے رہے ہیں، ان کی علمی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی جا رہی ہے۔

6. قرآنی ماہرین اور حفاظ کا تعارف – جامعة المصطفیٰ کے نمایاں حفاظ، قاری حضرات اور قرآنی علوم کے ماہرین کی خدمات کو بھی اس موقع پر اجاگر کیا جا رہا ہے۔

حوزہ نیوز: کیا جامعة المصطفیٰ اس قسم کی نمائشوں میں اپنی شرکت کو مستقبل میں بھی جاری رکھے گا؟

حجت‌الاسلام والمسلمین ڈاکٹر صفری: بالکل! جامعة المصطفیٰ ہمیشہ ایسے علمی و قرآنی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے تاکہ قرآنی علوم کو عام کیا جا سکے۔ ہمارا مقصد صرف علمی تحقیق نہیں، بلکہ عملی طور پر قرآن کی تعلیمات کو معاشرتی زندگی میں نافذ کرنے کے طریقے تلاش کرنا بھی ہے۔ ان نمائشوں میں شرکت سے ہمیں نہ صرف اپنے علمی کاموں کو پیش کرنے کا موقع ملتا ہے، بلکہ دوسرے علمی اداروں اور شخصیات سے تبادلۂ خیال بھی ہوتا ہے، جو علمی ترقی کے لیے نہایت اہم ہے۔ مستقبل میں بھی جامعة المصطفیٰ ایسے علمی و قرآنی پروگراموں میں بھرپور شرکت کرتا رہے گا۔

حوزہ نیوز: آپ کے وقت اور معلومات کے لیے شکریہ، ہم دعاگو ہیں کہ جامعة المصطفیٰ کے علمی و قرآنی منصوبے مزید ترقی کریں اور دنیا بھر میں قرآنی علوم کی ترویج کا ذریعہ بنیں۔

حجت‌الاسلام والمسلمین ڈاکٹر صفری: میں بھی حوزہ نیوز ایجنسی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اس نے جامعة المصطفیٰ کی قرآنی سرگرمیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اسے دنیا میں عام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

قرآنی علوم کے فروغ میں جامعة المصطفیٰ کا کردار، حوزہ نیوز سے خصوصی گفتگو

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha