حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کا یوم قدس کے موقع پر جاری کردہ بیان درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ماہ مبارک رمضان کے آخری جمعہ کو منایا جانے والا یوم قدس، ہمارے عظیم امام کی ایک اسٹریٹجک اور پائیدار یادگار ہے جو مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے اور اسے عالم اسلام کے لیے ایک بنیادی اور مرکزی مسئلہ کے طور پر فراموش ہونے سے بچانے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔
ایرانِ اسلامی نے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کرتے ہوئے حضرت امیرالمومنین علی علیہ السلام کی وصیت "ظالم کے دشمن اور مظلوم کے مددگار بنو" پر عمل کیا، اپنی اصیل اسلامی شناخت کو آشکار کیا اور ان مجاہدتی کاوشوں کے نتیجے میں آج بھی فلسطین اور بیت المقدس عالم اسلام کا اولین مسئلہ بنا ہوا ہے۔
فلسطینی مظلوموں نے اپنی سرزمین اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے سالہا سال سے مظلومیت اور تنہائی میں جدوجہد کی ہے اور آج بعض اسلامی ممالک کی خیانتوں اور کوتاہیوں کے باوجود غاصب صیہونی حکومت کی کمزوری اور زوال کی رفتار تیز ہو چکی ہے۔
عظیم طوفان الاقصیٰ کے معرکہ نے ثابت کر دیا کہ مؤمنانہ اور صبر آزما جدوجہد طاقت پیدا کرتی ہے اور طوفان الاقصیٰ کے بعد مزاحمتی محاذ نے اسرائیل کے اقتدار اور تسلط کے معادلات کو درہم برہم کر دیا ہے۔ غزہ اور لبنان میں صیہونیوں کے حالیہ جنگی جرائم نے ان کی بے بسی اور بدحواسی کو سب پر آشکار کر دیا اور دنیا نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ اسرائیل اپنی میدانِ جنگ میں ناکامیوں کا بدلہ بچوں کے قتل نسل کشی اور ہسپتالوں و اسکولوں کی تباہی سے لے رہا ہے۔
سالہا سال کی گفت و شنید اور صلح کی سازشی تجاویز نہ صرف فلسطینی عوام کو ان کا حق واپس دلانے میں ناکام رہی ہیں بلکہ اس کے برعکس صیہونی حکومت کو قتل و غارت گری میں مزید جری کر دیا ہے۔ آج امت اسلامی، آزادی پسند اور عالمی دانشور اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ مسئلہ فلسطین کا واحد حل اسلامی دنیا میں مزاحمتی اور جہادی قوت کو مضبوط کرنا اور غاصب حکومت اور اس کے حامیوں کے خلاف جدوجہد کو تیز کرنا ہے۔ یقیناً مجاہدانہ اور مدبرانہ جدوجہد دشمن کو پیچھے ہٹنے اور زوال کی راہ پر ڈال دے گی اور قدس کی آزادی کی منزل اسی مزاحمتی راہ سے حاصل ہوگی۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم ایران، لبنان اور فلسطین میں قدس کی آزادی کے لیے جان نثار کرنے والے شہداء بالخصوص شہید حاج قاسم سلیمانی، سید حسن نصراللہ، سید ہاشم صفی الدین، ڈاکٹر اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار اور دیگر کمانڈروں اور مجاہدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے کہ:
۔ ان شہداء کا پاکیزہ خون مزاحمتی محاذ کی قوت و عظمت میں اضافہ کرے گا اور اسلامی مزاحمت کے مجاہدین اسرائیل کی نابودی کے عزم میں مزید مستحکم ہوں گے۔
۔ غزہ اور فلسطین کے بارے میں ٹرمپ کے شیطانی منصوبے ناکامی سے دوچار ہوں گے اور دنیا ان استکباری جارحیتوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہوگی۔
یوم قدس، امت اسلامی کی حیات نو اور وحدت امت کی طاقت کے اظہار کا دن ہے۔ ایرانی قوم بالخصوص غیور نوجوانوں کی جوش و خروش سے بھرپور شرکت، فلسطینی مظلومین کی حمایت اور امام راحل سے تجدید عہد کا اعلان ہے کہ وہ عالمی استکبار اور صیہونی مجرموں کے خلاف جدوجہد کے راستے کو جاری رکھیں گے۔ امید ہے کہ ملت عزیز کے تمام طبقات اس عالمی دن میں فعال شرکت کے ذریعہ ایک بار پھر فلسطینی مزاحمتی محاذ کی حمایت کا اعلان کریں گے اور فلسطینی مجاہدین کی مدد کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کریں گے۔
یقیناً اس دن روزہ دار مؤمنین کے مستحکم قدم اسرائیل کے خلاف عظیم جہاد کا مظہر ہیں۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم
آپ کا تبصرہ