اتوار 30 مارچ 2025 - 06:48
دشمن علیؑ سے اللہ راضی نہیں ہو سکتا: مولانا سید رضا حیدر زیدی 

حوزہ/ منافق کی پہچان" کی وضاحت کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث "اے علیؑ! تم سے محبت نہیں کرے گا مگر یہ کہ جو مومن ہو اور تم سے دشمنی نہیں کرے گا مگر یہ کہ جو منافق ہو۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ ماہ مبارک رمضان میں امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے اقوال سے آشنائی کے لئے حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب رحمۃ اللہ علیہ لکھنو کے زیر اہتمام "درس نہج البلاغہ" کا سلسلہ جاری ہے۔ جس میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی صاحب قبلہ پرنسپل حوزہ علمیہ حضرت غفرانمآب "نہج البلاغہ" کے تیسرے اور آخری حصہ "کلمات قصار" کا درس دے رہے ہیں۔ یہ درس "بارہ بنکی عزاداری" یوٹیوب چینل سے شب میں 9 بجے نشر ہو رہا ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے 27 رمضان المبارک کو نہج البلاغہ کے باب کلمات قصار کی چوتھی حدیث (تسلیم و رضا بہترین مصاحب، اور علم شریف ترین میراث ہے، اور علمی و عملی اوصاف نو بنو خلعت ہیں، اور فکر صاف و شفاف آئینہ ہے۔) کے پہلے فقرہ کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: رضائے پروردگار بہترین ساتھی ہے، جس طرح ساتھی مشکل موقع پر ساتھ دیتا ہے اسی طرح رضائے پروردگار مشکل موقع پر انسان کی مدد کرتی ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے سورہ توبہ آیت 72 کے فقرہ "اور اللہ کی مرضی تو سب سے بڑی چیز ہے اور یہی عظیم کامیابی ہے۔" کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: اللہ کی مرضی سب سے بڑی ہے کہ اس سے بڑی کوئی چیز نہیں ہے، جنت چھوٹی ہے مرضی پروردگار بڑی ہے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے سورہ توبہ آیت 96 "یہ تمہارے سامنے قسم کھاتے ہیں کہ تم ان سے راضی ہوجاؤ تو اگر تم راضی بھی ہوجاؤ تو خدا فاسق قوم سے راضی ہونے والا نہیں ہے." کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: اگر انسان منافق یا فاسق ہے تو اللہ اس سے راضی نہیں ہو سکتا۔

"کیا یہ ممکن ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کسی سے راضی ہوں اور اللہ اس سے راضی نہ ہو؟" کی وضاحت کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے فرمایا: ممکن ہے رشتہ داری یا کسی صحبت و قربت کے سبب کہا جائے کہ حضور فلاں سے راضی تھے۔ لہذا اللہ نے پہلے ہی وضاحت کر دی کہ کوئی بھی ہو، اگر منافق یا فاسق ہے تو اس سے اللہ کبھی راضی نہیں ہوگا۔ اگرچہ حقیقت یہ ہے کہ جس سے اللہ راضی نہیں ہوگا تو اس سے پیغمبر بھی راضی نہیں ہوں گے۔

مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید وضاحت میں سورہ منافقون آیت 6 "ان کے لئے سب برابر ہے چاہے آپ استغفار کریں یا نہ کریں خدا انہیں بخشنے والا نہیں ہے کہ یقینا اللہ بدکار قوم کی ہدایت نہیں کرتا ہے۔ " کو پیش کرتے ہوئے فرمایا: اگر کوئی کسی منافق یا فاسق کے لئے چاہے جتنی دعا کرے، اللہ نہ اس سے راضی ہوگا، نہ اسے معاف کرے گا اور نہ ہی ہدایت کرے گا۔

"منافق کی پہچان" کی وضاحت کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث "اے علیؑ! تم سے محبت نہیں کرے گا مگر یہ کہ جو مومن ہو اور تم سے دشمنی نہیں کرے گا مگر یہ کہ جو منافق ہو۔" کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: یعنی امیر المومنین علیہ السلام کا دشمن ہی منافق اور فاسق ہے اور اس سے کبھی اللہ راضی نہیں ہو گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha