حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ممبئی/خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں نماز عید الفطر یکم شوال 1446 ہجری کو حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید روح ظفر رضوی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: تقوی ہماری ذمہ داری ہے اور ہمیشہ اس پر عمل کرنے کے لئے اللہ سے دعا کرنی چاہیے۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے عید الفطر کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: عید کے معنی پلٹنے کے ہیں، ماہ رمضان سے پہلے انسان جن برائیوں اور گندگیوں میں ملوث ہوتا ہے، ماہ مبارک رمضان ان برائیوں سے انسان کو نجات دلاتا ہے، ماہ رمضان کی برکتیں دلوں کو نرم کرتی ہیں، روحوں کو پاکیزہ کرتی ہیں، انسان اس ماہ مبارک رمضان میں ایک مختصر اور ذرا سی کوشش کے ذریعہ اپنے آپ کو روحانیت و معنویت اور نورانیت سے مالا مال بنا لیتا ہے کہ 11 مہینے کی جو ساری گندگیاں، کثافتیں تھیں اس سے انسان خود کو دور کر لیتا ہے اور پھر حقیقی عید یعنی پلٹنا کہ جس طرح انسان بطن مادر سے بے گناہ پیدا ہوتا ہے ویسا ہی خود کو بنا لیتا ہے، اب انسان کی ذمہ داری ہے کہ اپنے آپ کو پاک و پاکیزہ محفوظ رکھے۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے فرمایا: اولیاء اور صالحین نے ہمیشہ نفس کی مخالفت کی اور اسے مغلوب بنایا اور یہی جہاد اکبر ہے کہ جس کا ہمیں حکم دیا گیا ہے۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے تزکیہ نفس کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا: سورہ شمس اور سورہ اعلیٰ کہ جس کی ہم نے ابھی نماز میں تلاوت کی ہے، ان میں کامیاب اسی کو بتایا گیا ہے جس نے اپنے نفس کا تزکیہ کیا ہے۔ نفس کو پاک کیا۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے مزید فرمایا: جس نے اپنے نفس کو پاک کیا اس نے نہ صرف خود کو بلکہ پورے سماج کو فائدہ پہنچایا۔ ورنہ انسان خود کو بھی نقصان پہنچاتا ہے اور سماج و معاشرے کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے وحدت کی تاکید کرتے ہوئے فرمایا: ہماری ناکامی کی وجہ ہمارا آپسی اختلاف ہے، ہم مظلوم ہیں لیکن چونکہ آپسی اختلافات کا شکار ہیں اس لئے کمزور ہیں جبکہ ہمارے دشمن ظالم ہیں لیکن وہ متحد ہیں اس لئے مضبوط ہیں۔ ضروری ہے کہ ہم آپس میں متحد رہیں۔
آپ کا تبصرہ