حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیشی حکام نے اعلان کیا ہے کہ شہریوں کے پاسپورٹ پر وہ معروف عبارت جو پہلے درج ہوا کرتی تھی: (valid for all countries except Israel)"یہ پاسپورٹ تمام ممالک کے لیے کارآمد ہے، سوائے اسرائیل کے" — ایک بار پھر سے چھاپی جائے گی۔
یہ عبارت ماضی میں بنگلہ دیش کے پاسپورٹس پر لکھی جاتی تھی لیکن سال 2021 میں اُس وقت کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے اسے ختم کر دیا تھا، جس پر ملک میں کئی حلقوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا اور مسلسل اس کی واپسی کا مطالبہ کرتے رہے۔
ڈھاکہ میں امیگریشن و پاسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ جنرل محمد نور السلام نے اس حوالے سے کہا: "ہماری تاریخ میں برسوں تک پاسپورٹس پر 'اسرائیل کے سوا تمام ممالک' کی عبارت موجود رہی، لیکن سابق حکومت نے بغیر کسی وضاحت کے اچانک اسے ہٹا دیا۔"
انہوں نے مزید کہا: "ملک کے عوام اس تبدیلی سے ناخوش تھے اور اب ہم عوام کی خواہش کے مطابق اس عبارت کو دوبارہ شامل کر رہے ہیں۔"
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق، اس عبارت کو ہٹانے کے پیچھے بعض بنگلہ دیشی سیاستدانوں کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوششیں تھیں، جو ملک میں عوامی سطح پر شدید مخالفت کا باعث بنیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش، اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے والے ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے اب تک اسرائیل سے کسی بھی قسم کا سفارتی یا تجارتی تعلق قائم نہیں کیا۔









آپ کا تبصرہ