پیر 21 اپریل 2025 - 13:16
عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کا ۸۸؍ برس کی عمر میں انتقال

حوزہ/ ویٹیکن نے اعلان کیا ہے کہ پوپ فرانسس، دنیا بھر کے کیتھولک عیسائیوں کے روحانی پیشوا، 21 اپریل 2025 کو 88 سال کی عمر میں روم میں انتقال کر گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ویٹیکن سٹی/ ویٹیکن نے اعلان کیا ہے کہ کیتھولک کلیسا کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس، جن کا اصل نام خورخے ماریو برگولیو تھا، 88 سال کی عمر میں روم کے کازا سانتا مارتا میں واقع اپنی رہائش گاہ میں انتقال کر گئے۔ وہ سن 2013 سے بطور 266ویں پوپ اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔

پوپ فرانسس تاریخ کے پہلے پوپ تھے جن کا تعلق امریکی براعظم سے تھا۔ وہ نہ صرف یسوعی (Jesuit) فرقے کے پہلے رکن تھے جو پوپ منتخب ہوئے، بلکہ آٹھویں صدی کے پوپ گریگوری سوم کے بعد پہلے غیر یورپی پوپ بھی تھے۔

خورخے برگولیو 17 دسمبر 1936 کو ارجنٹائن کے دارالحکومت بوئنوس آئرس میں ایک اطالوی نژاد خاندان میں پیدا ہوئے۔ پوپ بننے سے قبل وہ 1998 سے بوئنوس آئرس کے سراسقف (آرچ بشپ) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ 2001 میں انہیں پوپ جان پال دوم نے کارڈینل کے منصب پر فائز کیا۔

پوپ فرانسس سادہ طرزِ زندگی، سماجی انصاف پر زور دینے، اور غریبوں و محروم طبقے کی حمایت کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔ انہوں نے پوپ کے شاہی محل میں رہائش اختیار کرنے کے بجائے ویٹیکن میں ایک سادہ رہائش گاہ میں زندگی بسر کی، اور ارجنٹائن میں اپنے دور میں اکثر عوامی ٹرانسپورٹ استعمال کرتے تھے۔

اپنے روحانی پیشوا کے دوران، پوپ فرانسس کو کلیسا میں کئی سنگین اخلاقی بحرانوں کا سامنا کرنا پڑا، خصوصاً جنسی زیادتی کے واقعات کے حوالے سے۔ انہوں نے 2019 میں اس مسئلے پر عالمی سطح پر ایک اہم اجلاس طلب کیا تاکہ کلیسا کے اندر اصلاحات لائی جا سکیں۔

سال 2023 میں انہوں نے اپنے پیش رو پوپ بینیڈکٹ شانزدہم کے جنازے کی قیادت کی، اور وہ پہلے پوپ بنے جنہوں نے کسی سابق پوپ کی تدفینی رسومات کی سربراہی کی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha