جمعرات 24 اپریل 2025 - 18:25
امام جعفر صادق علیہ السلام کی سیرت، آج کے معاشرے میں اصلاحات کا بہترین نمونہ

حوزہ/ امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مدرسہ علمیہ حضرت رقیہ (س) برازجان میں ایک علمی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں حجت الاسلام والمسلمین حسین رحمانی پور نے امام علیہ السلام کی زندگی کو موجودہ دور میں اصلاحات کے لیے ایک بہترین نمونہ قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بوشہر:امام جعفر صادق علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مدرسہ علمیہ حضرت رقیہ (س) برازجان میں ایک علمی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں حجت الاسلام و المسلمین حسین رحمانی پور نے امام علیہ السلام کی زندگی کو موجودہ دور میں اصلاحات کے لیے ایک بہترین نمونہ قرار دیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں امام صادق علیہ السلام کی سیرتِ مبارکہ کو تین اہم پہلوؤں میں بیان کیا: اصلاحِ عقیدہ، اخلاقی بگاڑ کی اصلاح اور معاشرتی روابط کی بہتری۔

حجت الاسلام و المسلمین رحمانی پور نے کہا کہ امام جعفر صادق علیہ السلام نے سب سے پہلے لوگوں کے عقائد کی اصلاح پر توجہ دی۔ آپ نے اسلامی تعلیمات کو عام کیا، شبہات کا مدلل جواب دیا اور لوگوں کو دینی اصولوں پر عمل کی طرف راغب کیا۔ اس طرح آپ نے معاشرے میں مضبوط عقیدے کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امام علیہ السلام نے اس دور کے اخلاقی بحران کا بھی سنجیدگی سے مقابلہ کیا۔ معاشرے میں بد اخلاقی عام ہو چکی تھی، لیکن امام نے اپنی حسنِ سیرت اور خوش اخلاقی سے لوگوں کو عملی سبق دیا کہ ایک مسلمان کو دوسروں کے ساتھ محبت، نرمی اور احترام سے پیش آنا چاہیے۔ آپ کی تعلیمات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اچھے اخلاق ایک صحت مند اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔

آخر میں انہوں نے امام صادق علیہ السلام کی معاشرتی اصلاحات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ نے شیعہ مسلمانوں کے درمیان علمی و اجتماعی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے علمی حلقے اور رابطوں کا نظام قائم کیا۔ ہمیں بھی چاہیے کہ آپ کی پیروی کرتے ہوئے باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha