حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین سید ابراہیم حسینی اراکی نے حرم مطہر حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں منعقدہ ایک نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: ماہ ذی الحجہ کا پہلا عشرہ اللہ سے قربت حاصل کرنے کا عشرہ ہے، جس میں کئی اہم مناسبتیں ہیں اور ہر مناسبت کی اپنی خصوصیات ہیں لہٰذا ان سے غفلت نہیں کرنی چاہیے اور ان سے بھرپور استفادہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا: ماہ ذی الحجہ در حقیقت امامت و ولایت کا مہینہ ہے، ہمیں چاہیے کہ اولیائے الٰہی سے اپنی معرفت اور قلبی و ظاہری وابستگی کو زیادہ سے زیادہ بڑھائیں۔
حجت الاسلام والمسلمین حسینی اراکی نے کہا: روایت کے مطابق اگر خداوند متعال کسی بندے پر احسان کرنا چاہے اور اسے دو عظیم نعمتیں عطا کرے، تو وہ دو نعمتیں "اہل بیت علیہم السلام کی معرفت" اور "خاندان عصمت و طہارت کی ولایت" ہیں اور یہی دو نعمتیں تمام خیرات کا سرچشمہ ہیں۔
حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے خطیب نے کہا: امام معصوم کی ذات میں انسانی کمالات اور فضائل کی جامعیت پائی جاتی ہے کیونکہ امام معصوم اپنے زمانے کی یگانہ ہستی ہوتے ہیں، جن کا کسی سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا، اور کوئی انسان اس مرتبے تک نہیں پہنچ سکتا، نہ ہی کوئی عالم، امام معصوم کے برابر ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا: روایت کے مطابق امام معصوم کا کوئی نظیر یا بدل نہیں ہوتا، خداوند نے اپنی تمام عنایات کو امام معصوم کی ذات میں جمع کر دیا ہے، اور وہ صفات الٰہی کا مکمل مظہر ہوتے ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین حسینی اراکی نے مزید کہا: جو شخص امام معصوم کی حقیقی معرفت رکھتا ہو، وہ مغربی حکومتوں کا محتاج نہیں ہوتا اور اجنبیوں کے سامنے سر نہیں جھکاتا۔
انہوں نے کہا: امام صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ جو شخص دعویٰ کرے کہ وہ ہم سے محبت رکھتا ہے لیکن عمل میں ہمارے احکام کے خلاف چلے تو وہ ہم میں سے نہیں ہے۔









آپ کا تبصرہ