جمعہ 27 جون 2025 - 10:40
جامعہ بیت العلم پھندیڑی سادات کے محرم نمبر کا تجزیاتی مطالعہ

حوزہ/ جامعہ بیت العلم پھندیڑی سادات کی جانب سے شائع کردہ ماہنامہ "صدائے علم" کا محرم الحرام 1447ھ کا خصوصی شمارہ جذبۂ حسینی، فکری بصیرت اور ادبی جمال کا حسین امتزاج ہے، جو قاری کو کربلا کی معرفت، عزاداری کی تہذیب اور آئمہؑ کی سیرت سے روشناس کراتا ہے۔

از قلم: مولانا سید رضی حیدر پھندیڑوی

حوزہ نیوز ایجنسی| محرم کا مہینہ آتے ہی دل کی کیفیت، فکر کی سمت اور قلم کی روانی سب کربلا کے گرد گھومنے لگتے ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی ادارہ جذبۂ حسینی سے لبریز ہو کر علم و شعور کا چراغ روشن کرے، تو یہ ایک روحانی خوشبو کی مانند دلوں کو معطر کر دیتا ہے۔ جامعہ بیت العلم پھندیڑی سادات کی جانب سے شائع شدہ ماہنامہ "صدائے علم" کے محرم الحرام 1447ھ کا خصوصی شمارہ اسی خوشبو کی صورت میں سامنے آیا ہے۔

یہ شمارہ نہ صرف سیرتِ آئمہؑ علیہم السلام کا آئینہ دار ہے بلکہ اس میں عقیدت، بصیرت اور تحقیق کی خوبصورت آمیزش بھی نظر آتی ہے۔ ایک طرف امام زین العابدینؑ کی صبر و سجدہ میں ڈوبی زندگی کو تفصیل سے بیان کیا گیا ہے، تو دوسری طرف امام حسینؑ کی قربانی کے فکری اور عملی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

مولانا سید حسین اختر کا مضمون "سالارِ مصائب امام زین العابدین علیہ السلام" تاریخ و معرفت کا حسین امتزاج ہے، جو قاری کو سجدوں کے راز سے آشنا کرتا ہے۔ بندہ ناچیز نے بھی اپنے پُرسوز اسلوب میں امام حسینؑ کو محسنِ انسانیت ثابت کیا اور کربلا کو صرف مظلومیت کا نہیں بلکہ فہم و شعور کا استعارہ بنا دیا۔ مولانا سید غلام رضا زیدی صاحب نے مجالسِ عزا کے آداب پر جس سنجیدگی اور دلسوزی سے قلم اٹھایا ہے، وہ ہر ذاکر اور سامع کے لیے رہنما اصول کی حیثیت رکھتا ہے۔ مولانا قنبر رضا واسطی صاحب نے توبہ کے فلسفہ پر نہایت عمدہ انداز میں روشنی ڈالی ہے، گویا توبہ کو محض ایک رسم نہیں بلکہ ایک زندہ پیغام قرار دیا۔

اس شمارے کی ایک اور دلکش جہت اس کا ادبی رنگ ہے۔ مولانا ارتضی حسین ناطق مرحوم اور مولانا شعیب رضوی کے نوحے صرف زبان کا حسن نہیں، بلکہ دل کا درد، کربلا کی تصویر اور احساس کی گرمی لیے ہوئے ہیں۔

تحریریں سادہ، رواں اور عام فہم ہیں، جن میں علمی گہرائی کے ساتھ دینی تاثیر بھی نمایاں ہے۔ حوالہ جات کا اہتمام، موضوعات کی ترتیب اور تنوع اس رسالے کو ایک مکمل فکری و روحانی ضیافت میں بدل دیتا ہے۔

"صدائے علم" کا یہ محرم نمبر ایک فکر انگیز، جذبات انگیز اور روح پرور تحفہ ہے۔ یہ صرف ایک رسالہ نہیں، بلکہ مجلسِ حسینی کا مکتوبی عکس ہے، جو قاری کو فکرِ کربلا، پیغامِ امام زین العابدین علیہ السلام، اور تربیتِ عزاداری کی راہوں پر لے جاتا ہے۔ جامعہ بیت العلم کی یہ کوشش یقیناً قابلِ تحسین ہے، اور دعا ہے کہ یہ چراغ علم و عقیدت ہمیشہ یوں ہی روشن رہے۔ آمین والحمدللہ رب العالمین۔

ماہنامہ "صدائے علم" کی پی ڈی ایف فائل حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha

تبصرے

  • ضرغام عباس IN 10:53 - 2025/06/27
    اچھا تبصرہ ہے جزاک اللہِ
  • ظفرالحسن IN 12:08 - 2025/06/27
    اچھا تجزیاتی مطالعہ ہے
  • فرمان علی نقوی IN 14:19 - 2025/06/27
    کربلا میں اس وقت کی صحافت نے اپنا کام انجام دیا تھا ۔ یہ محرم نمبر اسی صحافت کا تسلسل ہے
  • Zafar IN 11:11 - 2025/07/28
    Istefada keya