حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام زین العابدین تعلیماتِ قرآن و اہلبیت علیہم السّلام انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام سالانہ یومِ امام حسین علیہ السلام سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔
انسٹی ٹیوٹ کے طلباء نے حمد، منقبت اور سلام پیش کیے۔
افتتاحی کلمات مرکزی صدر محترم عاشق حسین سھتو نے ادا کیے، جنہوں نے معزز مہمانان و شاگردان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ کی ذات ہمارے لیے چراغِ ہدایت ہے، کربلا حق و باطل کا معرکہ ہے، جو ہمیں صبر، قربانی اور ظلم کے خلاف قیام کا درس دیتی ہے۔
بعد ازاں فری ٹیوشن سینٹر کے انچارج برادر مہتاب علی شیخ (مرکزی نائب صدر) نے خطاب کیا اور تمام انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کربلا صرف تاریخ کا واقعہ نہیں، بلکہ امام حسینؑ کی شخصیت ہمارے لیے عملی نمونہ ہے۔
محترم زین رضا جعفری نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیاں ہمیں سکھاتی ہیں کہ ظالم کے خلاف نفرت اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونا ہی حقیقی حسینی پیغام ہے۔
خصوصی خطاب علامہ امداد حسین شجائی صاحب نے کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں امام زین العابدین انسٹیٹیوٹ کے نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے شاگردوں کے لیے یومِ حسینؑ جیسا بامقصد پروگرام ترتیب دیا۔ کربلا ہمیں شجاعت، قربانی، صداقت اور عدل کا سبق دیتی ہے۔
"آئیے! ہم سب امام حسینؑ کی عظیم قربانی سے سبق لیتے ہوئے اپنی صفوں کو درست کریں اور دینِ حق کی سربلندی کے لیے یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔
پروگرام کا اختتام دعائے امامِ زمانہ عجّل اللہ فرجہ سے کیا گیا۔
"لبیک یا حسینؑ" کی صدائیں فضا میں گونجتی رہیں، اور شرکاء نے اپنے جذبات کا بھرپور اظہار کیا۔









آپ کا تبصرہ