حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈیجیٹل میڈیا سینٹر (DMC) نے گوگل میپس میں شام کے دارالحکومت دمشق میں واقع حرم حضرت زینب کبریٰ سلام اللہ علیہا سے متعلق حالیہ توہین آمیز اور ناپسندیدہ ترمیم پر شدید تشویش اور ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مرکز نے اس اقدام کو نہ صرف عالمی ڈیجیٹل اخلاقیات کی صریح خلاف ورزی قرار دیا بلکہ اسے خطے کے حساس جغرافیائی ماحول میں نفرت انگیزی اور سماجی انتشار کو ہوا دینے کی خطرناک کوشش بھی قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذہبی شعائر اور مقدسات کسی بھی صورت میں صارفین کی ذاتی رائے یا توہین کا نشانہ نہیں بن سکتے۔
مرکز نے گوگل کمپنی کو اخلاقی اور قانونی طور پر مکمل طور پر ذمہ دار قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر توہین آمیز مواد کو حذف کرے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت حفاظتی تدابیر اختیار کرے۔ مزید کہا گیا کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح عراق کو بھی چاہیے کہ وہ اس مسئلے پر گوگل کے خلاف باقاعدہ احتجاج درج کرائے اور ضرورت پڑنے پر عارضی طور پر سروسز پر پابندی عائد کرے۔
بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ مذہبی مقامات اور زیارت گاہیں خطے کے سماجی اور ڈیجیٹل امن کی علامت ہیں اور ان کی حرمت ہر حال میں محفوظ رہنی چاہیے۔ مرکز نے تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی پالیسیوں میں مذہبی مقدسات کے احترام کو بنیادی اصول کے طور پر شامل کریں۔
19:53 - 2025/07/06









آپ کا تبصرہ