منگل 8 جولائی 2025 - 18:04
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام جامع شیخ الاسلام، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ امت کانفرنس‘‘ کا انعقاد

حوزہ/ لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ امت کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علما نے شرکت کی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہر القادری نے خطاب میں امام حسینؑ کی شہادت کو دین کے تحفظ اور امت کے اتحاد کی علامت قرار دیا، جب کہ دیگر علما نے اہلِ بیتؑ کی محبت کو ایمان کا جزوِ لازم قرار دیتے ہوئے امت کو باہمی وحدت کی تلقین کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام جامع شیخ الاسلام، ماڈل ٹاؤن لاہور میں ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ امت کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی۔ علمائے کرام نے اہلِ بیت اطہارؑ کی عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خانوادۂ رسولﷺ نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے قیامت تک کے لیے یہ اصول متعین کر دیا کہ باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا جائے گا اور ہر حال میں دینی اقدار کا تحفظ کیا جائے گا۔

کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ عترتِ رسولﷺ کے قتل کو عام نفسِ انسانی کے قتل سے جوڑنا بہت بڑا فتنہ اور نئی نسل کے ایمان کے ساتھ کھلواڑ ہے۔

انہوں نے کہا: "امام عالی مقامؑ کی شہادت کو نفسِ انسانی کا قتل قرار دینا درست نہیں، بلکہ یہ ایسا اقدام ہے جس سے براہِ راست حضور نبی اکرمﷺ کو اذیت پہنچی، اور اللہ کے رسولؐ کو اذیت دینا کھلا کفر ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے نبیؐ کے گھر بلا اجازت آنا یا بلا ضرورت بیٹھنا بھی ناپسند فرمایا، کیونکہ اس سے رسول اللہﷺ کو اذیت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا: "تصور کریں کہ جن حسنین کریمینؑ کو نبی اکرمؐ نے اپنے پھول قرار دیا اور فرمایا کہ حسینؑ مجھ سے ہے اور میں حسینؑ سے ہوں، ان سے محبت میں ذرا سی بھی کوتاہی جہنم کا ایندھن بنا سکتی ہے۔"

کانفرنس سے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہادتِ امام حسینؑ نے امتِ مسلمہ کو ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کی قوت عطا کی، اور اہلِ بیت اطہارؑ کی محبت ایمان کی روح ہے۔

مرکزی امیر متحدہ جمعیت اہلِ حدیث پاکستان، علامہ ڈاکٹر سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے کہا کہ امام حسینؑ کی یاد منانا سنتِ رسول اللہﷺ ہے۔ اہلِ بیت صادقین ہیں، اور ان سے محبت کرنے والوں سے اللہ اور اس کے رسولﷺ محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا: میں منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہر القادری سے اس لیے محبت کرتا ہوں کہ وہ اہلِ بیت کی محبت کو عام کر رہے ہیں۔"

سربراہ جامعہ بیت القرآن، علامہ مفتی سید عاشق حسین شاہ نے کہا کہ حضرت ابراہیمؑ نے دعا کی تھی: 'اے رب! اگر تیرا گھر امن والا ہے تو مجھے بھی امن والا بنا دے۔' اسی امن کے پیغام کو منہاج القرآن نے دنیا بھر میں عام کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے حسینی فکر اور یزیدی سوچ کے درمیان واضح فرق بیان کیا۔

صدر اتحاد المدارس العربیہ پاکستان، علامہ مفتی محمد زبیر فہیم نے کہا کہ صحابہ کرامؓ اور اہلِ بیت اطہارؑ کی محبت ہمارے ایمان کا بنیادی حصہ ہے، جو شخص لاعلمی میں بھی اس میں تفریق کرے، وہ ایمان سے خارج ہے۔ واقعہ کربلا صبر، قربانی اور استقامت کا درس دیتا ہے۔

علامہ ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے کانفرنس میں شرکت پر تمام علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت قاری سید خالد حمید کاظمی نے حاصل کی۔

نعتِ رسول مقبولﷺ اور منقبت اہلِ بیتؑ پیش کرنے والوں میں حسانِ منہاج محمد افضل نوشاہی، خرم شہزاد برادران، امجد علی بلالی برادران اور حافظ عمران یوسف علوی شامل تھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha