حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اربعین حسینی کی مناسبت سے آج انجمن صاحبِ زمان کرگل لداخ کے زیرِ اہتمام ایک روح پرور پیادہ روی اربعین واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع کرگل کے مختلف علاقوں کے ساتھ ساتھ کشمیر سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ اہل بیتؑ اور عزاداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تصاویر دیکھیں:
کرگل میں اربعین واک کے دوران 175 خون کے عطیات، سبیلوں اور تبرکات کا وسیع انتظام
ذرائع کے مطابق، حسبِ روایت اس سال بھی انجمن صاحبِ زمان کرگل کی جانب سے اربعین واک کا آغاز صبح آٹھ بجے استان عالیہ تیسور سے ہوا، جہاں تلاوتِ کلامِ پاک، حدیثِ کساء اور مختصر مجلس کے بعد واک کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔
اس موقع پر انجمن صاحبِ زمان کے سرپرستِ اعلیٰ حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد رضوی المعروف میگی، چیئرمین حجۃ الاسلام شیخ صادق بلاغی، حجۃ الاسلام سعید جعفر رضوی سمیت دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔
یہ پیادہ روی دوپہر کے بعد استانہ عالیہ ابو سعید میر ہاشم شاہ کر فوکھر میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں مجلسِ عزاء منعقد ہوئی اور زیارتِ اربعین کی تلاوت کے ذریعے عزاداروں نے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس پرخلوص اور پُرامن مارچ میں نہ صرف ضلع کرگل کے کونے کونے سے عزادار شریک ہوئے بلکہ کشمیر سے بھی بڑی تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔ اس دوران 175 سے زائد خون کے عطیات دئیے گئے جبکہ سبیلوں اور تبرکات کا وسیع انتظام بھی کیا گیا۔
اختتامی تقریب میں حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ خادم آخوندی نے فلسفۂ اربعین پر روشنی ڈالی اور خصوصاً رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای، اسلامی جمہوریہ ایران، فلسطین کے مجاہدین، تمام مومنین و مومنات اور دینِ اسلام کی سربلندی کے حق میں دعا کی۔
آخر میں زیارتِ اربعین حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ خادم رحیمی نے تلاوت کی، جبکہ چیئرمین شیخ صادق بلاغی نے تمام مومنین و مومنات، بالخصوص بسیج بقیۃ اللہ، مسیج فاطمیہ اور کر فوکھر کے مومنین کا شکریہ ادا کیا۔ دعاے امامِ زمانہؑ کے ساتھ یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔









آپ کا تبصرہ