حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وارثان قم انسٹیٹیوٹ کے مدیر حجت الاسلام محمد کریمیان نے ایران کے صوبہ یزد کے میں منعقدہ "طلیعه حضور" نامی ایک کانفرنس میں طالب علمی کی زندگی میں داخل ہونے کی تیاری اور اس کے لیے باہدف اور منظم منصوبہ بندی کی ضرورت پر گفتگو کرتے ہوئے پیشہ ورانہ اور سنجیدہ انداز میں تحصیلِ علم کو کامیابی کا بنیادی عنصر قرار دیا۔
انہوں نے طلاب کی ذہنی نشوونما اور فکری وسعت کے لیے اضافی مطالعہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا: طالب علمی صرف کلاس اور درس تک محدود نہیں، روزانہ مستقل اور متنوع مطالعہ، یادداشت نویسی، مفاہیم کا تجزیہ اور دروس میں فعال شرکت ہر طالب علم کی علمی کامیابی کی بنیاد ہے۔ ادبیات، ناول، کہانی، ڈرامہ کے علاوہ دینی و اعتقادی کتابیں روزانہ کے مطالعے میں شامل ہونی چاہئیں۔

حجت الاسلام محمد کریمیان نے کہا: یاد رکھیں مطالعہ فکر اور مشق کے ساتھ ہونا چاہیے۔ خلاصہ نویسی، تجزیہ اور مباحث کی تکرار، سیکھنے کو مضبوط اور ذہن کو مطالب کے گہرے اور عملی پہلوؤں سے آشنا کرتی ہے۔ کامیاب طالب علم وہ ہے جو صرف معلومات جمع نہ کرے بلکہ انہیں اپنی زندگی، اخلاق اور تبلیغ میں مؤثر طور پر استعمال بھی کرے۔
انہوں نے عملی مہارتوں کے حصول کی ضرورت بیان کرتے ہوئے کہا: زندگی کی مہارتیں جیسے وقت کی مدیریت، منصوبہ بندی، روابط عامہ، تجزیاتی تفکر، تربیت اولاد اور تبلیغی ہنر وہ بنیادی ضروریات ہیں جن پر ہر طالب علم کو آغازِ تحصیل ہی سے توجہ دینی چاہیے۔ مہارت کا حصول محض فکری و نظری علم سے نہیں ہوتا بلکہ مسلسل مشق اور عملی تجربہ کا تقاضا کرتا ہے۔









آپ کا تبصرہ