حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ مشرقی آذربایجان میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام و المسلمین مطہری اصل نے آج تبریز میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر اور ذمہ داران سے ملاقات کیا۔ انہوں نے قرآن کریم کی ہدایات اور انبیائے الٰہی کی سیرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عدل، احسان، ایثار، انفاق اور فداکاری جیسی تمام فضیلتیں دراصل انبیاء اور ان کے پیروکاروں کی میراث ہیں۔
انہوں نے سورہ آل عمران کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات اللہ تعالیٰ مؤمنوں کو امتحان میں ڈال کر سچے اہل ایمان کو سامنے لاتا ہے اور منافقین کے چہرے آشکار کرتا ہے۔ ان کے مطابق مؤمن وہ ہے جو ہر حال میں خدا پر بھروسہ رکھے۔
حجت الاسلام والمسلمین مطہری اصل نے ثقافتِ ایثار و شہادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہادت ہو یا زندگی، دونوں اللہ کی مشیت کے تحت ہیں۔ کوئی مجاہد برسوں محاذِ جنگ پر رہے اور شہید نہ ہو، تو اس کی حکمت یہ ہے کہ اس کی ذمہ داری خدمتِ دین کے جاری رہنے سے وابستہ ہے؛ جیسے کئی انبیاء اور اولیاء بغیر جنگ میں شریک ہوئے بلند مقامات پر فائز ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر انسان کے عمل کا اصل معیار خدا کی رضا ہے۔ بندۂ حقیقی وہی ہے جو اپنی خواہش کو اللہ کی مرضی کے تابع کر دے، چاہے آج اس کی خدمت جہاد کے میدان میں ہو یا اقتصادی، تربیتی اور سماجی شعبوں میں۔
آخر میں نمائندہ ولی فقیہ نے دفاع مقدس اور حالیہ ۱۲ روزہ فضائی دفاع میں شہید ہونے والے فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام مجاہدین کو اپنے راستے پر ثابت قدم رکھے۔









آپ کا تبصرہ