حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تبریز میں قرآن کریم کے 46ویں مقابلے کے موقع پر مشرقی آذربائیجان میں نمایندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین احمد مطہری اصل نے قرآن کریم کی تلاوت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں اور بچوں کو قرآن کی تعلیم دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت کو نوجوانوں کی تربیت کا لازمی حصہ بنایا جانا چاہیے۔
مصلی اعظم امام خمینیؒ میں منعقدہ اس تقریب میں، انہوں نے امام صادقؑ کی ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت انسان کی روحانی ترقی کا سبب بنتی ہے اور ایک مومن نوجوان کو فرشتہ صفت بناتی ہے۔ قیامت کے دن قرآن کریم ہی ایسے نوجوانوں کی نجات کا ذریعہ بنے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رسول اللہ(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی حدیث کے مطابق ہر مسلمان پر لازم ہے کہ اپنے بچوں کو نبی اکرم(صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم)، اہل بیت علیہم السلام اور قرآن سے محبت کرنے کی تربیت دے۔
امام جمعہ تبریز نے حضرت علی علیہ السلام کی ایک روایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی تلاوت اور حفظ، روح کے سکون و تسکین کا ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کی روشنی میں، نوجوانوں اور بچوں کو حافظ قرآن اور قاری قرآن بنانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔