۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حرم مطہر رضوی میں دنیا کی تین زبانوں میں پہلا ؛الرضوان ؛ بین الاقوامی قرآنی مقابلہ

حوزہ/ آستان قدس رضوی کے علمی و ثقافتی ادارے کے ڈائریکٹر نے ، الرضوان نام سے پہلے بین الاقوامی قرآنی مقابلے کے انعقاد کی اطلاع دی ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام محمد ذوالفقاری نے کہا کہ قرآن ، پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا جاودانی معجزہ  اور اسلام کا سب سے زیادہ اہم اور قابل اعتماد ماخذ ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ امام رضا علیہ السلام کے روضے کا عظیم ٹرسٹ ، آستان قدس رضوی ، عالم اسلام میں قرآنی علوم سے متعلق سرگرمیوں اور پروگراموں کومنعقد کرنے میں پیش پیش رہتا ہے۔

حجت الاسلام محمد ذوالفقاری نے کہا کہ ہم دعوی کرتے ہيں کہ آستان قدس رضوی اور شہر مشہد ، قرآنی سرگرمیوں کا دار الحکومت ہے اور" الرضوان " بین الاقوامی قرآنی مقابلے کے انعقاد سے ہم عالم اسلام میں ایک نئی قسم کی تقریب کی رونمائي کا ارادہ رکھتے ہیں ۔
    
انہوں نے بتایا کہ الرضوان بین الاقوامی قرآنی مقابلہ ، اساتذہ اور قرآنی نشستوں کے موضوع کے ساتھ ، فارسی ، عربی اور اردو زبانوں میں شروع ہو چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کی تعلیم دینے والے اساتذہ ، قرآن مجید سے سب سے زیادہ قریب ہوتے ہيں اور وہ قرآنی علوم کی گھریلو نشستوں ، مکاتب ، مسجدوں اورمدرسوں سے لے کر یونیورسٹیوں ، دینی تعلیمی مراکز اور قرآنی اداروں میں موجود رہتے ہيں ۔

انہوں نے کہا کہ الرضوان ،قرآنی مقابلہ ہر دوسال میں ایک بار منعقد ہونے والا پروگرام ہے  جس کا مقصد قرآنی علوم کے اساتذہ کو ان کی بہترین کار کردگی پر ایوارڈ سے نوازنا ہے  اور اس پروگرام کا نام ہی الرضوان ایوارڈ ہے ۔ 
 
حجت الاسلام ذوالفقاری نے بتایا کہ الرضوان انعامی مقابلے میں، ان اساتذہ پر توجہ دی جا رہی ہے جو قرآن مجید پر عمل کے تعلق سے مثالی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس انعامی مقابلے میں تدریس کے ایام ، قران خوانی ، تلاوت ، قرات ، حفظ ، ترجمہ اور تفسیر جیسے مختلف شعبوں میں اساتذہ کی صلاحیتوں کو پرکھا جاتا ہے۔ 

الرضوان قرآنی مقابلے کے قابل ذکر نکات :
• الرضوان بین الاقوامی قرآنی مقابلہ میں مختلف اداروں اور تنظیموں کی جانب سے شرکاء کے رجسٹریشن اور نام نویسی کا سلسلہ  19 فروری سن 2021 سے شروع ہو چکا ہے  اور  یہ سلسلہ 15 مئي سن دو ہزار اکیس تک جاری رہے گا ۔ جون  2021 میں  اساتذہ کا انتخاب عمل میں آئے گا اور 25 جون سن 2021 میں نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا ۔

• الرضوان بین الاقوامی مقابلہ اور تقسیم ایوارڈ کی تقریب  میں  دنیا کے ہر علاقے سے تعلق رکھنے والے قرآنی علوم کے اساتذہ بلا تفریق مسلک  شرکت کر سکتے ہیں ۔

• الرضوان بین الاقوامی قرآنی مقابلے کے اس دور میں فارسی ، عربی اور اردو زبانوں کے اساتذہ شرکت کر سکتے ہیں ۔

انعامات :

• پہلے تین اساتذہ کو ، انعامی مقابلہ کی یادگار ٹرافی  اور ہر ایک کو تین تین ہزار یورو سفر حج پرجانے کے لئے دئے جائيں گے۔
   
• دوسرے نمبر پر آنے والے تیس اساتذہ کو انعامی مقابلہ کی ٹرافی اور اپنی بیوی بچوں ہمراہ پانچ دن مشہد مقدس میں قیام کی سہولت مہیا  کرائی جائے گی۔
   
• تیسرے نمبر پر آنے والے  100 اساتذہ کو انعامی مقابلہ کی یادگار ٹرافی دی جائے گي    اور منتخب اساتذہ کی تین زبانوں میں چھپنے والی کتاب میں ، ان کا نام درج ہوگا ۔

خصوصی انعام :
• خصوصی انعام کے شعبے میں 5 اساتذہ کو متعارف کرنے والے سب سے زیادہ سرگرم پانچ اداروں کو ایک ایک ہزار یورو دیا جائے گا ۔
• 20 قدر شناس شاگردوں کو اپنے بیوی بچوں کے ساتھ مشہد مقدس میں پانچ روز قیام کا موقع دیا جائے گا ۔
 

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .