حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی بجلی کمپنی (توانیر) کے ثقافتی و ڈیجیٹل امور کے سربراہ حجت الاسلام رضا کاکاوند نے کہا ہے کہ عوام کو حوزوی میڈیا پر گہرا اعتماد حاصل ہے اور حوزہ نیوز جیسی دینی نیوز ایجنسی جب کوئی خبر شائع کرتی ہے تو اس سے معاشرے میں اطمینان پیدا ہوتا ہے، کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ یہاں شائع ہونے والی خبریں مستند اور قابل اعتماد ہوتی ہیں۔
انہوں نے یہ بات حوزه نیوز ایجنسی کے دورے کے موقع پر ایڈیٹر اور دیگر ذمہ داران کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں کہی۔ انہوں نے ملک کے پانی اور بجلی کے شعبے کے کچھ ایسے حقائق اور چیلنجز کا ذکر کیا جو عمومی ذرائع ابلاغ میں کم سامنے آتے ہیں۔
حجت الاسلام کاکاوند نے بتایا کہ اگر ملک کے پہاڑی اور صحرائی علاقوں پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ پانی اور بجلی کی فراہمی کے لیے بہت وسیع خدمات انجام دی گئی ہیں، لیکن ان کی اطلاع رسانی بہت کم ہوتی ہے۔
حجت الاسلام کاکاوند نے کہا کہ میڈیا جہادِ تبیین کا سب سے موثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے حوزہ نیوز پر عوام کے اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے کہا: حوزه نیوز کی خبریں جب شائع ہوتی ہیں تو معاشرے میں اطمینان پیدا ہوتا ہے، کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ یہاں کی خبریں معتبر ہیں اور غیرذمہ دارانہ انداز میں نشر نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں حوزہ کی کامیابیوں میں میڈیا اور ثقافتی سرگرمیوں کا اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم اس مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں جہاں درست اور منظم مواد کی تیاری ناگزیر ہے تاکہ الٰہی پیغام اور اسلامی معارف کو صحیح اسلوب میں عوام تک پہنچایا جا سکے۔
توانیر کمپنی کے ثقافتی امور کے سربراہ نے رہبر انقلاب اسلامی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی طاقت اتنی زیادہ ہے کہ یہ ماہر ٹیکنیکل افراد تک کو متاثر کر دیتا ہے۔ یہی چیز ثابت کرتی ہے کہ میڈیا کس قدر مؤثر ہے۔
میڈیا حقیقت بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے
انہوں نے کہا: اسلامی تاریخ بھی میڈیا کے وار سے محفوظ نہیں رہی۔ امیر المؤمنین علیہ السلام کو بھی میڈیا نے نشانہ بنایا، اور امام حسین علیہ السلام کے خلاف جو لشکر تیار ہوا وہ دشمن کی میڈیا جنگ کا نتیجہ تھا۔
انہوں نے میڈیا کے شعبے میں سرگرمیوں کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کی درست آگاہی کے لیے اٹھایا جانے والا ہر قدم اسی طرح اہم ہے جیسے شہید قاسم سلیمانی دشمن پر کاری ضرب لگاتے تھے۔ آج کے دور میں اصل ہتھیار میڈیا ہے جو براہِ راست عوام کے دل و دماغ پر اثر ڈالتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میڈیا مضبوط ہو تو آج کی نئی نسل کا ہر نوجوان مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک بااثر میڈیا اس نسل کو باشعور اور فعال سپاہیوں میں بدل سکتا ہے۔









آپ کا تبصرہ