حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا میں خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام احمد لقمانی نے اسلامی طرزِ زندگی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ انسانیت وہ بنیادی وصف ہے جو انسان کو مرنے کے بعد بھی زندہ رکھتی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ صرف انسان ہونا کافی نہیں بلکہ ایسا انسان بننا ضروری ہے جو زندگی میں نیکی، خدمت اور اخلاقی کردار کے ذریعے دوسروں کے لیے ثمر آور ہو، تاکہ موت کے بعد بھی اس کا اثر باقی رہے۔
انہوں نے شہید قاسم سلیمانی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ دفن نہیں ہوئے بلکہ گویا زمین میں کاشت کئے گئے ہیں، اسی لئے آج دشمن ان سے شہادت کے بعد زیادہ خوفزدہ ہے اور ان کی تصاویر دنیا کے مختلف حصوں میں انسانیت اور مزاحمت کی علامت کے طور پر نظر آتی ہیں۔
حجت الاسلام لقمانی نے امام حسین علیہ السلام سے منسوب ایک واقعہ بیان کیا کہ ایک غلام نے ایک پیاسے کتے کو پانی پلایا تاکہ خدا اس کے دل کو خوش کرے، جس پر امام نے اس کے عمل کو پسند کیا۔ اس واقعہ کے نتیجے میں غلام کو آزادی ملی اور اس کی زندگی بدل گئی۔
انہوں نے مشرقی جرمنی کے سپاہی کریسٹف ہیومن کا واقعہ بھی سنایا کہ اس نے جنگ کے دوران ایک بچے کو سرحدی تاروں سے گزار کر اس کے خاندان تک پہنچایا، جس کی بنا پر اسے سزائے موت سنائی گئی، مگر یہ عمل دنیا بھر میں انسانیت کی مثال بن گیا۔
انہوں نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اخلاق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ آپ مسکرا کر ملتے تھے، بچوں کو سلام کرتے تھے اور آپ حلم و بردباری کی اعلیٰ مثال تھے۔ اسی طرح حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کے احترام کا بھی ذکر کیا اور بیٹی کو رحمت اور سعادت قرار دیا۔
انہوں نے امام حسن علیہ السلام اور امام سجاد علیہ السلام کے واقعات کے ذریعے صبر، دعا، عفو اور انسانیت کا درس دیا اور آخر میں شہید ابراہیم ہادی کا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں روز مرہ زندگی میں انسانیت کو عملاً اپنانا چاہیے۔









آپ کا تبصرہ