حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ میں امور تحقیق کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین فرہاد عباسی نے دسویں "ہنرہای آسمانی" فیسٹول کی اختتامی تقریب میں گفتگو کے دوران کہا: دینی معارف اور اسلامی تعلیمات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے مختلف فنون سے استفادہ ایک ناگزیر ضرورت ہے اور اس میدان میں حوزہ علمیہ کی سنجیدہ اور مؤثر موجودگی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا: قرآن کریم بذاتِ خود جمال، حسن اور فنون سے بھرپور ہے اور رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بھی دین کی دعوت کو خوبصورت اور مؤثر اسالیب کے ذریعے پیش کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین فرہاد عباسی نے کہا: آج کے دور میں معاشرہ فکری اور تہذیبی لحاظ سے ایک وسیع اور پیچیدہ فضا سے دوچار ہے۔ ایسے میں دینی پیغام کو روایتی انداز تک محدود رکھنے کے بجائے متنوع اور بامعنی ہنر اور فنون کے ذریعے پیش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا: فنون و ہنر، دین کے پیغام کو دلوں تک پہنچانے کی طاقت رکھتے ہیں اور اگر انہیں درست سمت میں استعمال کیا جائے تو یہ فکری اور معنوی تربیت میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
حوزہ علمیہ میں امور تحقیق کے سرپرست نے اس فیسٹول کو حوزہ علمیہ کے طلبہ اور دینی ہنرمندوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے کہا: اس طرح کے پروگرام دینی فنون کی ترقی اور نئے باصلاحیت افراد کی حوصلہ افزائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے آخر میں امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے علمی و ثقافتی پروگرامز تسلسل کے ساتھ منعقد ہوتے رہیں گے اور دینی معارف کو جدید اور مؤثر انداز میں معاشرے تک منتقل کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔









آپ کا تبصرہ