حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر حوزہ علمیہ سیستان و بلوچستان حجت الاسلام والمسلمین رمضانی نے مدرسہ علمیہ امام صادق علیہ السلام زاہدان کے طلاب سے خطاب میں نیتوں اور علمی رویوں میں مثبت تبدیلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا: تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جو معاشرے اور انسانیت کے مسائل کو حل کرنے میں بنیادی کردار ادا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا: طلاب کا اندازِ نظر محض ڈگری حاصل کرنے یا درسی مراحل سے گزرنے تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ حوزہ میں تعلیم ایک عظیم ذمہ داری ہے۔ مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ایسے افراد تیار ہوں جو سماجی، اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تمام میدانوں میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں۔

مدیر حوزہ علمیہ سیستان و بلوچستان نے مزید کہا: حوزہ کا ہدف ایسے انسان کی تعمیر ہے جو علمی، دینی اور اخلاقی طور پر ترقی کرے اور مشکل ترین حالات میں بھی معاشرے کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
حجت الاسلام والمسلمین رمضانی نے طلاب کو عالمی نگاہ اپنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا: ہماری ذمہ داری صرف ایک شہر یا علاقے تک محدود نہیں۔ ہمیں عالمی سطح پر سوچنا چاہیے اور بشریت کی ہدایت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی فرمایا کہ دینی اور علمی میدان میں ہماری ذمہ داری عالمی ہے۔









آپ کا تبصرہ