حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ مدیرِ حوزہ ہای علمیہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ ماہِ رجب ایک نہایت بابرکت اور روحانی مہینہ ہے جو انسان کو ماہِ شعبان اور ماہِ رمضان کی تیاری کی طرف لے جاتا ہے اور اگر اس مہینے کی معنوی خصوصیات کو درست زبان اور مؤثر انداز میں پیش کیا جائے تو یہ معاشرے بالخصوص نوجوان نسل پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے یہ بات صدا و سیما کے سربراہ ڈاکٹر جبلی سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے ماہِ رجب کو دعا، زیارت اور خودسازی کا مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ انسان کے دل و ذہن کو خدا سے قریب کرنے اور روحانی آمادگی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اسلامی تاریخ کے مختلف ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ علما اور دینی اداروں نے ہر دور میں سماجی اور فکری سطح پر اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم امام خمینیؒ کی قیادت میں برپا ہونے والا اسلامی انقلاب ایک ایسا تاریخی موڑ تھا جس نے اسلام کو محض ایک نظری فکر کے بجائے ایک ہمہ گیر نظامِ حیات کی صورت میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔
آیت اللہ اعرافی مزید کہا کہ امام خمینیؒ نے اسلام کی ایک متوازن اور جامع تعبیر پیش کی جو نہ شدت پسندی پر مبنی تھی اور نہ مغربی افکار میں تحلیل تھی، بلکہ ایک مستقل اسلامی نظریہ، جس نے مغربی تہذیبی فکر کے مقابل ایک فکری و تمدنی چیلنج پیدا کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور شدید فکری، ثقافتی اور میڈیا چیلنجز کا دور ہے، جہاں حق اور باطل میں تمیز مشکل ہو گئی ہے اور جدید ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت، سماجی و فکری میدانوں کو متاثر کر رہی ہے۔ ایسے حالات میں دینی پیغام کی دانشمندانہ اور مؤثر ترسیل ناگزیر ہو چکی ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے دینی مدارس اور میڈیا کے باہمی تعاون کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا دینی معارف کو نئی نسل تک پہنچانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، بشرطیکہ معارف کو عصرِ حاضر کی زبان اور جدید تقاضوں کے مطابق پیش کیا جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ دینی اداروں کی تمام سرگرمیوں میں میڈیا سے جُڑا ہوا نقطۂ نظر ہونا چاہیے تاکہ اسلامی معارف، فکری پیغام اور سماجی اقدار مؤثر انداز میں عوام تک منتقل ہو سکیں۔
آخر میں آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ منصوبہ بندی، تربیتِ افرادی قوت اور میڈیا کے ساتھ مسلسل تعاون کے ذریعے دینی معارف کو عالمی سطح پر زیادہ مؤثر اور ہمہ گیر انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔









آپ کا تبصرہ