حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رنوں-جونپور/ احیوا امرنا ٹرسٹ باب النجف لکھنو کے زیر اہتمام، مومنین رنوں کی جانب سے 28 دسمبر 2025 بروز اتوار دن میں 2 بجے حسینیہ پورہ شیر خان رنوں میں آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی صاحب قبلہ کے زیر صدارت "عصری و دینی تعلیمی کانفرنس" منعقد ہوئی۔
کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا، بعدہ جناب کیفی رنوی، جناب پروفیسر رضا رنوی اور جناب رضوان حیدر کربلائی نے بارگاہ اہل بیت علیہم السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
مولانا محفوظ الحسن خان پرنسپل مدرسہ ناصریہ و امام جمعہ جونپور، مولانا صغیر حسن خان، مولانا سید علی ہاشم عابدی، مولانا معظم علی نجفی، مولانا قمر عباس خان، مولانا تنظیم حیدر "مسؤول شعبہ مکاتب احیوا امرنا" نے تقاریر کیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نے سورہ زمر آیت 9 کے فقرہ "کیا وہ لوگ جو جانتے ہیں ان کے برابر ہوجائیں گے جو نہیں جانتے ہیں." کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: عالم و جاہل برابر نہیں ہو سکتے، توجہ رہے کہ اسلام کا پہلا حکم "اقرأ" پڑھو ہے۔
حوزات علمیہ و مدارس دینیہ کی اہمیت و ضرورت کو بیان کرتے ہوئے مولانا سید اشرف علی الغروی نے فرمایا: ہمارے لئے مدارس کا آباد ہونا بہت ضروری ہے، یہ مدارس اہل بیت علیہم السلام کی فوجی چھاؤنیاں ہیں۔ دین کی تبلیغ اور دفاع ان مدارس سے ہی ہوتا ہے۔
عصری تعلیم کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے نمایندہ آیۃ اللہ العظمیٰ سیستانی مولانا سید اشرف علی الغروی نے فرمایا: جس طرح حوزات علمیہ اور مدارس دینیہ ضروری ہیں اسی طرح کالج اور یونیورسٹی بھی ضروری ہے۔ لہذا دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم پر بھی خاص توجہ دی جائے۔ تاکہ سماج کا سب سے بڑا ڈاکٹر ایک جوان مومن ہو، سب سے بڑا انجینیئر دیندار مومن ہو، سب سے بڑا ماہر قانون ایک دین دار ہو تاکہ اللہ کی عبادت کے ساتھ ساتھ مخلوقات خدا کی خدمت بھی ہو۔
مکتب قرآن و عترت الہ آباد کے بچوں نے "حرام غذا کے کردار انسان پر منفی اثرات" کے عنوان پر، مکتب امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی بچیوں نے "حجاب؛ خواتین کی ڈھال اور عزت" کے عنوان پر اور مکتب امام عصر علیہ السلام پورہ شیر خان رنوں نے "روحانی و جسمانی توازن کامیاب زندگی کی کنجی" عنوان پر تعلیمی مظاہرے پیش کئے۔
کانفرنس میں مولانا مقداد خان، مولانا ڈاکٹر گلزار احمد خان، مولانا حسن علی نجفی، مولانا شان عالم، مولانا احمد حسن، مولانا منور علی، مولانا معراج، مولانا ذیشان، مولانا کوثر، مولانا سید احسن نواب عابدی، مولانا سید منتظر مہدی کے علاوہ مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔









آپ کا تبصرہ