بدھ 7 جنوری 2026 - 12:40
دنیا کبھی بھی حجّتِ الٰہی سے خالی نہیں رہتی

حوزہ/ حجت‌الاسلام والمسلمین علی نظری منفرد نے کہا ہے کہ عقل اور نقل دونوں اس حقیقت پر دلالت کرتے ہیں کہ ہر دور میں خدا کی جانب سے ایک حجّت کا موجود ہونا ناگزیر ہے، اور زمین کبھی بھی امام و رہبرِ الٰہی سے خالی نہیں رہتی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، استاد حوزہ علمیہ حجت‌الاسلام والمسلمین علی نظری منفرد نے مہدویت کے بنیادی مباحث میں سے ایک اہم موضوع، یعنی ہر زمانے میں امامِ معصوم کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذریعے دین مکمل ہو چکا، لیکن اس کے باوجود ہدایت، دین کی صحیح تفسیر، اختلافات کے حل اور وحی کے تحفظ کے لیے ہر دور میں ایک معصوم رہنما کی ضرورت باقی رہتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عقلی اعتبار سے انسانی معاشرہ کسی ایسے الٰہی رہبر سے بے نیاز نہیں ہو سکتا جو حق و باطل میں تمیز کرے، کیونکہ اگر زمین اس نورِ ہدایت سے خالی ہو جائے تو گمراہی اور انحراف لازمی ہے۔

نقلی دلائل کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے قرآنِ کریم کی آیات کا حوالہ دیا جن میں ہر امت کے لیے ہادی اور رہنما کے تسلسل کا ذکر ملتا ہے، اور اس بات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ قیامت کے دن ہر قوم کو اس کے امام کے ساتھ بلایا جائے گا۔

انہوں نے متعدد احادیث کا بھی ذکر کیا، جن میں یہ بات صراحت سے بیان ہوئی ہے کہ اگر ایک لمحے کے لیے بھی حجّتِ خدا زمین سے اٹھا لی جائے تو زمین اپنے باشندوں سمیت برباد ہو جائے۔ اسی طرح یہ حدیث کہ جو شخص اپنے زمانے کے امام کو پہچانے بغیر مر جائے، اس کی موت جاہلیت کی موت ہے، امام کی معرفت کی اہمیت کو واضح کرتی ہے۔

استادِ حوزہ نے بارہ ائمہ علیہم السلام سے متعلق معروف حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ روایت اہلِ سنت کی معتبر کتابوں میں بھی موجود ہے اور اس کا صحیح مصداق صرف اہلِ بیت علیہم السلام کے بارہ ائمہ ہیں۔

انہوں نے آخر میں زور دے کر کہا کہ حضرت مہدی علیہ السلام کا وجود اور ان کا ظہور اسلامی روایات میں ایک مسلّم حقیقت ہے، اور اس کا انکار درحقیقت سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایک قطعی حصے کا انکار ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha