اتوار 25 جنوری 2026 - 19:10
امام سجادؑ کی مادر گرامی کے بارے میں دو اہم سوالات

حوزہ/ تاریخی مصادر میں امام سجاد علیہ السلام کی والدہ کا نام شہربانو یا شاہ زنان ذکر کیا گیا ہے؛ البتہ یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ وہ امام علیہ السلام کی ولادت کے وقت ہی وفات پا گئی تھیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ امام سجاد علیہ السلام نے اپنی والدہ کو نہیں دیکھا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چونکہ معصومین علیہم السلام کی زندگی اور تربیت کا ایک اہم پہلو اُن کی والدہ اور مادری نسب سے جڑا ہوتا ہے، اس لیے امام زین العابدین علیہ السلام کی والدہ ماجدہ کے بارے میں دو بنیادی اور اہم سوالات پر گفتگو کی جا رہی ہے۔

امام سجاد علیہ السلام کی والدہ کون تھیں؟

امام زین العابدین علیہ السلام کی والدہ ایک معزز، معروف اور باوقار ایرانی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔ تاریخی مصادر میں اُن کا نام شہربانو یا شاہ زنان نقل ہوا ہے۔

البتہ متعدد روایات کے مطابق وہ امام سجاد علیہ السلام کی ولادت کے وقت ہی وفات پا گئی تھیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ امام سجاد علیہ السلام نے اپنی والدہ کو دیکھا ہی نہیں۔

اس روایت کے مطابق یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ سن 61 ہجری میں وہ حیات نہیں تھیں، لہٰذا واقعۂ کربلا میں اُن کی موجودگی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

مجموعی طور پر یہ بات درست ہے کہ امام حسین علیہ السلام کی زوجہ اور امام سجاد علیہ السلام کی والدہ ایرانی تھیں، لیکن اس بارے میں کہ آیا وہ یزدگرد سوم (آخری ساسانی بادشاہ) کی بیٹی تھیں یا کسی اور ممتاز ایرانی خاندان سے تعلق رکھتی تھیں، مؤرخین اور محققین کے درمیان اب بھی اختلافِ رائے پایا جاتا ہے۔

کیا بی بی شہربانو کا مزار (جو تہران کے قریب ہے) امام سجادؑ کی والدہ سے منسوب ہے؟

امام زین العابدین علیہ السلام کی والدہ کے مزار کے بارے میں کئی واضح اور سنگین غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں۔

اوّل یہ کہ جیسا پہلے ذکر ہوا، امام سجاد علیہ السلام کی والدہ ولادت کے وقت ہی وفات پا گئی تھیں اور امامؑ نے ماں کا سایہ نہیں دیکھا۔ اس بنا پر یہ مشہور قصہ کہ وہ امام حسین علیہ السلام کے ساتھ کربلا میں موجود تھیں اور عاشورا کے دن امام حسینؑ کی شہادت کے بعد گھوڑے پر سوار ہو کر دشمنوں سے بچتے ہوئے ایران پہنچ گئیں، پھر پہاڑ میں داخل ہوئیں اور پہاڑ بند ہو گیا — یہ سب محض افسانہ اور من گھڑت داستان ہے جس کی کوئی تاریخی سند موجود نہیں۔

علامہ محمد باقر مجلسیؒ نے جلاء العیون میں لکھا ہے:

مشہور یہ ہے کہ حضرت شہربانو امام سجاد علیہ السلام کی ولادت کے وقت مدینہ میں وفات پا گئیں اور انہیں قبرستان بقیع میں دفن کیا گیا۔

تہران کے قریب واقع بی بی شہربانو کا مقبرہ درحقیقت اسلام سے قبل کے ایرانی زرتشتیوں سے منسوب ایک قدیم مقام ہے، جہاں وہ اپنے مردوں کو دخمہ (ٹاور آف سائلنس) میں رکھتے تھے۔

اس مقام پر جو اولین اسلامی آثار ملے ہیں، وہ چھٹی صدی ہجری سے تعلق رکھتے ہیں، اور غالباً بعد کے ادوار میں بعض مسلمانوں نے بھی یہاں اپنے اموات کو دفن کیا۔

لہٰذا مجموعی طور پر اس مقام کا امام سجاد علیہ السلام کی والدہ سے کوئی تعلق ثابت نہیں ہوتا۔

ماخذ: ویکی شیعہ

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha