جمعہ 30 جنوری 2026 - 14:17
آیت اللہ محمد ہادی عبدخدائی انتقال کر گئے

حوزہ/ حوزۂ علمیہ خراسان کے ممتاز عالمِ دین اور ایران کی معروف علمی و حوزوی شخصیت، آیت اللہ محمد ہادی عبدخدائی، طویل علمی جدوجہد اور دینی خدمات کے بعد دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزۂ علمیہ خراسان کے ممتاز عالمِ دین اور ایران کی معروف علمی و حوزوی شخصیت، آیت اللہ محمد ہادی عبدخدائی، طویل علمی جدوجہد اور دینی خدمات کے بعد دارِ فانی سے رخصت ہو گئے۔

آیت اللہ محمد ہادی عبدخدائی، آیت اللہ غلام حسین تبریزی کے فرزند اور مشہد مقدس کے نامور علما میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی اسلامی معارف کی ترویج، دینی علوم کی تدریس اور طلابِ علومِ دینی کی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی، اور بالآخر دعوتِ حق پر لبیک کہتے ہوئے اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔

مرحوم آیت اللہ عبدخدائی، حوزۂ علمیہ خراسان میں اعلیٰ حوزوی دروس کے اساتذہ میں شمار ہوتے تھے۔ تدریس، تحقیق اور علمی سرگرمیوں کے طویل عرصے کے دوران انہوں نے علمی، ثقافتی اور اخلاقی موضوعات پر گراں قدر آثار اور تألیفات یادگار چھوڑیں، جو اہلِ علم کے لیے سرمایۂ افتخار کی حیثیت رکھتے ہیں۔

علمی و تدریسی خدمات کے ساتھ ساتھ، آیت اللہ عبدخدائی نے مختلف اہم ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ ان میں مدرسۂ علمیہ جعفریہ مشہد کے متولی رہے، ویٹیکن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفث، اور مجلسِ خبرگانِ رہبری کے رکن بھی رہے۔ یہ ذمہ داریاں ان کے علمی مقام، دینی بصیرت اور نظامِ اسلامی کے اعتماد کی عکاس تھیں۔

مرحوم کی رحلت سے حوزۂ علمیہ خراسان اور علمی و دینی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ علما، فضلا اور شاگردوں نے ان کی وفات کو علمی دنیا کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔

آیت اللہ محمد ہادی عبدخدائی کی تشییع جنازہ اور مجالسِ تعزیت کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں متعلقہ اداروں کی جانب سے کیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha