جمعرات 12 فروری 2026 - 16:40
22 بہمن کی تاریخی ریلی؛ آیت اللہ اعرافی کا ملت ایران کو خراجِ تحسین

حوزہ/ حوزہ ہائے علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے 22 بہمن 1404 کی عظیم الشان ریلی میں ملت ایران کی بھرپور اور متحد شرکت پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کی یہ وحدت آفرین موجودگی اور قومی جشن ہم سب بالخصوص ذمہ داران کی ذمہ داریوں کو دوگنا اور نہایت سنگین بنا دیتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ اعرافی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 22 بہمن کی ریلی نے تاریخِ ایران، اسلام اور انقلاب اسلامی میں ایک حیرت انگیز اور باعثِ فخر منظر پیش کیا۔ اس عظیم اجتماع نے استقلال، آزادی اور اسلامی جمہوریہ کے پرچم کو مزید سربلند کیا اور عالمی استکبار، استعمار اور ظلم کے خلاف جاری مزاحمتی تحریک کو نئی قوت بخشی۔

انہوں نے کہا کہ ہم بارگاہِ الٰہی میں سجدۂ شکر بجا لاتے ہیں اور باشعور و دلیر ملت ایران، خصوصاً بیداری اور تبدیلی کے خواہاں نوجوان نسل کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتے ہیں۔ دیہات سے لے کر بڑے شہروں تک، بالخصوص تہران اور قم میں عوام کی ولولہ انگیز شرکت قابلِ ستائش اور لائقِ قدردانی ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے زور دے کر کہا کہ اسلام، ایران اور نظامِ اسلامی کی یہ عظمت دشمنانِ ملت کو پسپا کرے گی اور دنیا بھر کے مظلوموں، عدالت پسندوں اور حق کے متلاشی افراد کے حوصلوں کو مزید تقویت دے گی۔ اس کے نتیجے میں عالمی سطح پر ایران اور اس کی عظیم ملت کا مقام مزید مستحکم ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس شاندار اور اتحاد بخش عوامی موجودگی کے بعد ریاستی اداروں، انتظامیہ، عدلیہ اور ثقافتی و تبلیغی مراکز کی ذمہ داریاں بڑھ جاتی ہیں۔ ضروری ہے کہ دنیا اور سماج کو بہتر طور پر سمجھا جائے، خاص طور پر نئی نسل کے ساتھ فکری اور قلبی رابطہ مضبوط کیا جائے، اور انقلاب اسلامی کی کامیابیوں کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے۔ اسی طرح اسلامی تہذیبی فکر کی بنیادوں اور استکبار کے مقابل اس کے محاذوں کو واضح کرنا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملت ایران کا واضح پیغام یہ ہے کہ وہ اسلام، انقلاب اسلامی اور شہداء کے اعلیٰ مقاصد پر ثابت قدم ہے اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی قیادت کی پیروی جاری رکھے ہوئے ہے۔ عوام کی یہ شرکت اس امر کا تقاضا کرتی ہے کہ ذمہ داران عوامی معاشی اور ثقافتی مشکلات کے حل کے لیے دوگنی محنت کریں۔

آیت اللہ اعرافی نے امید ظاہر کی کہ حکومت اور متعلقہ ادارے نئی حکمت عملی اختیار کریں گے اور عوام کے مسائل کے حل اور ملک کی ترقی کے لیے نئے راستے تلاش کریں گے۔

انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، شہداء اور ملت ایران کو سلام پیش کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha