حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی/ عروس البلاد ممبئی کے تاریخی علاقے ڈونگری میں واقع خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد کے پُرشکوہ امام باڑہ ہال میں مبلغین و واعظینِ کرام کے لیے منعقدہ خصوصی سیمینار کا ساتواں دور اپنی تمام تر علمی و فکری رعنائیوں کے ساتھ بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوا۔ اس سہ روزہ علمی اجتماع میں ہندوستان کے مختلف شہروں اور مناطق سے جامعہ الامام امیر المومنینؑ (نجفی ہاؤس) کے فارغ التحصیل افاضل، ممتاز علماء اور مایہ ناز خطباء نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے سیمینار کے وقار میں اضافہ کیا۔

سیمینار روزانہ دو نشستوں پر مشتمل تھا، جس کا آغاز صبح 9 بجے ہوتا اور نمازِ ظہر تک جاری رہتا، جبکہ دوسری نشست عصر سے مغرب تک منعقد کی جاتی۔ ان نشستوں میں تبلیغِ دین اور عصرِ حاضر کے تقاضوں جیسے اہم موضوعات پر مقتدر علماء نے گراں قدر خطابات کیے۔

مقررین میں مدیرِ حوزاتِ علمیہ حجۃ الاسلام والمسلمین سید احمد علی عابدی، حجۃ الاسلام والمسلمین سید حسین مہدی حسینی، حجۃ الاسلام والمسلمین سید محمد قیصر، حجۃ الاسلام والمسلمین سید زکی حسن، حجۃ الاسلام والمسلمین سید نجیب الحسن زیدی، حجۃ الاسلام والمسلمین جوہر عباس خان اور ڈاکٹر عباس وکیل شامل تھے۔ مقررین نے مبلغین کی علمی و فکری تربیت اور تبلیغی مشن کو مؤثر بنانے کے لیے جدید طریقہ کار پر سیر حاصل گفتگو کی۔

پروگرام کے تیسرے اور آخری دن ہندوستان کے مختلف مناطق سے آئے ہوئے مبلغین و علماء نے اپنے اپنے علاقوں میں درپیش تبلیغی مشکلات اور تنظیمی مسائل کو انتظامیہ کے سامنے رکھا تاکہ ان کا حل نکالا جا سکے۔ آخری دن کی دوسری نشست کا پُر وقار آغاز مولانا یونس حیدر رضوی ماہلی نے اپنی دلنشین آواز میں تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس نے فضا کو معطر کر دیا۔

الایمان فاؤنڈیشن کے چیئرمین جناب علی رضا بندہ علی صاحب نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس طرح کی علمی نشستوں کے تسلسل پر زور دیا اور ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ پورے پروگرام کی مجموعی نگرانی حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمد قیصر رضوی نے فرمائی، جن کے حسنِ انتظام کی بدولت مہمانوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس عظیم مقصد میں حوزہ کے طلباء اور مینیجر جناب جعفر مہدی نے بے مثال جذبہِ خدمت اور تعاون کا مظاہرہ کیا۔

سیمینار کے آخری سیشن میں مدیرِ حوزہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد علی عابدی نے عالمِ اسلام کی سربلندی، کامیابی اور امامِ وقت (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف) کے ظہورِ پُر نور کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ آخر میں آئندہ سال دوبارہ اسی جوش و جذبے کے ساتھ اس علمی سفر کو جاری رکھنے کے اعلان کے ساتھ سیمینار اختتام کو پہنچا۔









آپ کا تبصرہ