حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بابُ العلم ایجوکیشنل سوسائٹی جلالپور کے زیرِ اہتمام مسابقتی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی اعزازی تقریب،حسینی باغ عثمان پور جلالپور میں نہایت شاندار اور باوقار انداز میں منعقد ہوئی۔ پروگرام میں علمی، ادبی، مذہبی اور سماجی شخصیات کے علاوہ شہر کے معززین، طلبہ، والدین اور بڑی تعداد میں اہلِ جلالپور نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت مہمان عزیز ڈاکٹر سید قمر عباس صاحب ڈائریکٹر جنرل انبالکا انسٹیٹیوٹ نے کی جبکہ پروگرام کی قیادت مولانا ڈاکٹر رئیس حیدر صاحب نے فرمائی۔
تقریب کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ذیشان صاحب نے نہایت خوش اسلوبی اور برجستگی کے ساتھ انجام دیے۔
پروگرام کا آغاز مولانا قاری کوثر صاحب جلالپوری کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد مختلف مقررین نے تعیلم و تعلم اور نوجوان نسل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مسابقتی امتحانات میں کامیاب نوجوانوں کی حوصلہ افزائی
تقریب کا ایک اہم اور قابلِ تحسین پہلو مختلف مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی پذیرائی تھا۔TGT، PGT، JE NEET، IIT، Assistant Professor سمیت مختلف شعبوں میں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے کامیاب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیمی کامیابی صرف ان کے خاندان کے لیے ہی نہیں بلکہ پورے معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ایسے پروگرام نوجوان نسل میں تعلیمی شعور پیدا کرنے ، مسابقتی امتحانات کی طرف راغب کرنے اور محنت و جدوجہد کا جذبہ بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایلیا جلالپوری، ایثار جلالپوری اور سیف جلالپوری سمیت شعرائے کرام نے مختلف علمی موضوعات پر اپنا کلام پیش کیا ، جسے سامعین نے خوب سراہا۔

مقررین نے علم اور نوجوان نسل کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی
پروگرام کے مقررین میں ڈاکٹر عباس مہدی، ڈاکٹر سردار مہدی، ڈاکٹر محمد قاسم، ماسٹر جانثار صاحب اور مولانا کرار ترابی صاحب شامل تھے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں علم کی اہمیت ، نوجوانوں کی تعلیمی ذمہ داریوں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی پر تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں کامیابی کے لیے صرف خواہش کافی نہیں بلکہ مسلسل محنت ، بلند حوصلہ ، نظم و ضبط اور علمی جدوجہد ناگزیر ہے۔ نوجوان اگر اپنی صلاحیتوں کو مثبت سمت میں بروئے کار لائیں تو وہ نہ صرف اپنے مستقبل کو روشن کرسکتے ہیں بلکہ معاشرے کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تقریب میں متعدد علماء ، دانشوران اور معزز شخصیات نے شرکت کرکے پروگرام کی رونق میں اضافہ کیا مولانا ڈاکٹر رہبر سلطانی صاحب ، مولانا محمد جاوید نجمی صاحب، مولانا نیر ذوالقرنین صاحب ، مولانا علی عباس فیضی ، مولانا سہیل ثالثی ، مولانا فرمان حیدر ، مولانا احتشام حیدر ، مولانا شاہد رضا ، مولانا مشیرالہندی ، ماسٹر علی امام اور ڈاکٹر رمضان علی سمیت دیگر شخصیات نے زینتِ مسند بن کر پروگرام کی علمی و معنوی اہمیت میں اضافہ کیا۔
شہر جلالپور کی مذہبی ، علمی ، سماجی ، ادبی شخصیت ڈاکٹر اصغر اعجاز قائمی صاحب چیئرمین آف شعبۂ شیعہ دینیات علی گڑھ نے ایک پر مغز مقالہ پیش کرکے منتظمین کی حوصلہ افزائی کی۔

شرکائے جلسہ نے بابُ العلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے نوجوانوں کی تعلیمی حوصلہ افزائی اور انہیں نمایاں مقام حاصل کرنے پر اعزاز دینے کے اقدام کو سراہا۔
پروگرام کی کامیابی اور اس کی مؤثر کوریج میں میڈیا سے وابستہ حضرات نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ ماسٹر شمس الحسن شمو، اصغر رضا حیدری اور ان کی پوری ٹیم نے پروگرام کی میڈیا کوریج، براہِ راست نشریات اور دیگر انتظامات میں نمایاں خدمات انجام دیں، جس پر منتظمین اور شرکائے تقریب نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے دوران کامیاب طلبہ و طالبات کو اعزازات پیش کیے گئے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کے والدین اور اہلِ خانہ کے چہروں پر خوشی اور فخر کے جذبات نمایاں تھے۔
آخر میں منتظمین کی جانب سے تمام مہمانان، علماء، شعرائے کرام، مقررین، میڈیا نمائندگان، کامیاب طلبہ و طالبات اور اہلِ جلالپور کا شکریہ ادا کیا گیا-










آپ کا تبصرہ