حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 22 مارچ لکھنؤ رمضان المبارک کے مقدس اور بابرکت مہینے میں منعقد ہونے والی دینی کلاسز ’’دین اور ہم‘‘ کی تقسیمِ انعامات کی تقریب گولڈن پیلس، وکٹوریا اسٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ پانچ مراکز (الماس میرج ہال لیول-1، ملن میرج ہال لیول-1، الماس میرج ہال لیول-2، این کے پیلس لیول-2 اور گولڈن پیلس — امامِ زمانہؑ اور ہم و ہمسفر کلاس) میں تعلیم دینے والے اساتذۂ کرام مولانا علی ہادی صاحب، مولانا محمد یاسر صاحب، مولانا مشاہد عالم صاحب، مولانا حسین جعفر صاحب اور مولانا علی عباس خان صاحب بھی موجود تھے۔ پروگرام میں بطورِ مہمانِ خصوصی مولانا کلبِ جواد نقوی صاحب، مولانا احتشام الحسن صاحب، مولانا ارشد حسین موسوی صاحب اور مولانا اجلال حیدر صاحب نے بھی شرکت کی۔
پروگرام کی نظامت جناب عابد باقری صاحب نے انجام دی۔تقریب کا آغاز قاری آبان مہدی صاحب کی تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ اس کے بعد لیول-1 کے طالب علم محمد عباس حیدر اور خطیبہ بانو نے، لیول-2 کی طالبہ بشریٰ عباس نے، گولڈن پیلس (امامِ زمانہؑ اور ہم) کی عطیہ زہرا نے اور گولڈن پیلس (ہمسفر) سے محمد جان نے پروگرام سے متعلق اپنے تاثرات پیش کیے۔
اس کے بعد ’’دین اور ہم‘‘ کے دسوے دور میں 100 فیصد حاضری درج کرانے والے 40 طلبہ و طالبات کو اعزاز سے نوازا گیا۔اسلامی حجاب کی رعایت کرنے والے ہر مرکز سے قرعہ اندازی کے ذریعے ایک ایک طالب علم کو اور بہترین نوٹ بک تیار کرنے والے 17 طلبہ و طالبات کو انعامات دیے گئے۔ اس کے بعد انتظامی کمیٹی کے رکن جناب مولانا حسین جعفر صاحب نے ’’دین اور ہم‘‘ کی رپورٹ پیش کی۔ اسی دوران احسان ناصر صاحب نے خوبصورت آواز میں اشعار پیش کیے اور خصوصاً شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ایؒ کی نوجوانوں کے لیے خصوصی نصیحت ویڈیو کے ذریعے پیش کی گئی، جسے سن کر حاضرین جذباتی ہو گئے۔
پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے تقسیمِ انعامات کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں پانچوں مراکز کے مالکان کو اعزاز دینے کے بعد سو فیصد حاضری رکھنے والے طلبہ و طالبات کو ’’مریم میگزین‘‘ کی ایک سالہ رکنیت دی گئی۔ اس کے علاوہ پانچوں مراکز میں امتحان میں 80 فیصد سے زائد نمبر حاصل کرنے والے 8 طلبہ و طالبات کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔
امتحان میں ہر مرکز پر پانچ اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں الماس میرج ہال (لیول-1) سے یاسا زینب عابدی اور ملن میرج ہال (لیول-1) سے سید عطا حسین نے اول مقام حاصل کیا۔ اسی طرح الماس میرج ہال (لیول-2) سے ہیزانہ علی رضوی اور این کے پیلس سے سید سرفراز حسین رضوی نے اول مقام حاصل کیا، جبکہ گولڈن پیلس (امامِ زمانہؑ اور ہم) سے محترمہ زہرا حسن اور ہمسفر کلاس سے تطہیر فاطمہ رضوی نے نمایاں کامیابی حاصل کی۔
پانچوں مراکز میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ نوجوانوں میں دینی اور روحانی تعلیم کے حوالے سے دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
پروگرام کے اختتام پر مولانا علی عباس خان صاحب نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور دنیا میں امن و امان کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ یہ پروگرام عین الحیات ٹرسٹ، حیدری ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی، تنزیل اکیڈمی، طٰہٰ فاؤنڈیشن، جماعت الزہراء اور دین و زندگی کے تعاون سے اس سال منعقد کیے گئے۔









آپ کا تبصرہ