حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید محمد سعیدی نے حرم حضرت معصومہؑ میں عید سعید الفطر کے خطبوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاشرہ تقویٰ اختیار کرے تو اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایات میں اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے قرآن کریم کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر لوگ ایمان لائیں اور تقویٰ اپنائیں تو ان پر آسمان و زمین کی برکتوں کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماہ مبارک رمضان تقویٰ اختیار کرنے کی بہترین عملی مشق ہے اور اس مہینے کا پیغام یہ ہے کہ انسان پورے سال گناہوں سے بچ سکتا ہے۔
آیت اللہ سعیدی نے عید الفطر کے دن کی دعا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے خدا کے علاوہ کسی اور کو پکارا وہ خسارے میں رہے، اور جنہوں نے غیرِ خدا سے امیدیں وابستہ کیں وہ محرومی اور تنگدستی کا شکار ہوئے۔
انہوں نے تقویٰ کو ایک ایسا ہتھیار قرار دیا جس سے دشمن محروم ہیں اور کہا کہ ایرانی عوام اسی ہتھیار کے ذریعے استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، لہٰذا اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔
اپنے دوسرے خطبے میں انہوں نے کہا کہ ایک مومن پر لازم ہے کہ وہ اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتے ہوئے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلا عہد اللہ اور اس کے ولی کی اطاعت ہے۔
آیت اللہ سعیدی نے مزید کہا کہ رواں سال ہمارے عزیز رہبر کی شہادت کے بعد ولایتِ امرِ مسلمین اور امامتِ امت کی ذمہ داری آیت اللہ امام سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے سپرد کی گئی ہے، اور ایرانی مؤمن قوم نے عہد کیا ہے کہ وہ ولایتِ فقیہ کے ساتھ ثابت قدم رہے گی اور اپنی جان تک اس عہد کو نبھائے گی۔









آپ کا تبصرہ