حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان بھر میں عید الفطر کے موقع پر نمازِ عید کے بعد مختلف مقامات پر مومنین نے رہبرِ معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای سے تجدیدِ عہد کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ حق و صداقت، مزاحمت اور استقامت کے راستے پر ثابت قدم رہیں گے۔
اسی سلسلے میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ریجن نیو رضویہ سوسائٹی کے زیر اہتمام امام بارگاہ سامرہ میں ایک خصوصی اجتماع منعقد ہوا، جس میں رہبرِ معظم اور شہدائے انقلاب کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اجتماع کے دوران شرکاء نے اس بات کا عزم کیا کہ وہ رہبرِ معظم کی رہنمائی میں ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد و بیداری کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ اس موقع پر علامہ سید حسن ظفر نقوی، علامہ سید صادق رضا تقوی، علامہ سید منور نقوی سمیت دیگر علماء بھی موجود تھے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہدائے انقلاب کی قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجتماع کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، امتِ مسلمہ کے اتحاد و استحکام اور دنیا جہاں کے مظلومین کی نصرت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ شرکاء نے اس موقع پر بنائی گئی وال پر اپنے خیالات اور تاثرات کا اظہار بھی کیا۔









آپ کا تبصرہ