پیر 9 نومبر 2026 - 22:36
ہرمز سے لیکر واشنگٹن ڈی سی تک ایران، ایران، اور ایران۔۔۔

حوزہ/ مولانا سید نجیب الحسن زیدی نے اپنے اس تجزیاتی مضمون میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشمکش کے سیاسی، معاشی اور اسٹریٹجک پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کس طرح ایران نے اپنی مزاحمت کے ذریعے امریکہ کو ایک بڑے سیاسی مخمصے سے دوچار کر دیا ہے اور کیوں جنگ کے ممکنہ خاتمے سے قبل مزید فوجی تصادم کا خطرہ موجود ہے۔

تحریر: مولانا سید نجیب الحسن زیدی

حوزہ نیوز ایجنسی | جنگوں کی تاریخ میں بعض اوقات میدانِ جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں سے زیادہ اہمیت ان سیاسی نتائج کی ہوتی ہے جو جنگ کے بعد عالمی طاقتوں کے فیصلوں، ان کی داخلی سیاست اور مستقبل کی حکمت عملی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ کسی ملک کی کامیابی کا پیمانہ صرف یہ نہیں ہوتا کہ اس نے دشمن کی کتنی فوجی تنصیبات تباہ کیں یا کتنے حملوں کو ناکام بنایا، بلکہ یہ بھی ہوتا ہے کہ اس نے دشمن کو کس حد تک اپنے سیاسی، معاشی اور سفارتی فیصلوں پر نظرثانی کرنے کے لیے مجبور کر دیا۔

ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشمکش کے تناظر میں امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کو اسی زاویے سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی پیش رفت محض ایک داخلی سیاسی تبدیلی نہیں، بلکہ اس کے اثرات واشنگٹن کی خارجہ پالیسی، ایران کے خلاف جنگی حکمت عملی اور مشرقِ وسطیٰ میں امریکی ترجیحات تک پھیل سکتے ہیں۔

اس صورت حال کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ایران کی اس ممکنہ سیاسی کامیابی کی اہمیت کا اعتراف کسی ایرانی عہدیدار یا ایرانی تجزیہ کار نے نہیں، بلکہ اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس میں ایران ڈیسک کے سابق سربراہ ڈینس سیٹرونووچ (Denis Citrinowicz) نے کیا ہے۔ ان کا تجزیہ اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ اسرائیلی سلامتی کے نقطۂ نظر سے صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے ان امکانات کی نشان دہی کرتے ہیں جنہیں شاید واشنگٹن اور تل ابیب کے پالیسی ساز پوری طرح نظرانداز کر رہے ہیں۔

ان کے تجزیے کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ ایران نے امریکہ کو یہ سمجھا دیا ہے کہ اسے شکست دینے کے لیے امریکی فوج کو میدانِ جنگ میں شکست دینا ضروری نہیں؛ بلکہ عالمی توانائی کی منڈیوں کو متاثر کرکے، تیل کی قیمتیں بڑھا کر اور امریکی شہریوں کی زندگی کو مہنگا بنا کر بھی واشنگٹن پر ایسا سیاسی دباؤ ڈالا جا سکتا ہے جس کے نتائج کسی بڑی فوجی شکست سے کم نہیں ہوں گے۔

اس تجزیے کا دوسرا رخ بھی کم اہم نہیں۔ اسرائیلی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ ایران کی سیاسی کامیابی کے باوجود جنگ کا فوری خاتمہ یقینی نہیں، بلکہ ممکن ہے کہ جنوری میں نئی امریکی کانگریس کے آغاز سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ کسی بڑے فوجی اقدام کے ذریعے اپنی کھوئی ہوئی سیاسی برتری بحال کرنے کی کوشش کرے۔

درحقیقت یہی وہ تضاد ہے جسے سمجھنا ضروری ہے: ایران کی سیاسی پوزیشن جتنی مضبوط ہوتی جا رہی ہے، امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے کسی خطرناک فوجی مہم جوئی کا امکان بھی اتنا ہی بڑھ سکتا ہے۔

امریکی انتخابات: ایران کی ایک غیر معمولی اسٹریٹجک کامیابی

اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس میں ایران ڈیسک کے سابق سربراہ ڈینس سیٹرونووچ لکھتے ہیں:

میری رائے میں امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے قلیل مدتی اور طویل مدتی اثرات کے درمیان فرق کرنا ضروری ہے۔

طویل مدتی تناظر میں دیکھا جائے تو ایران نے ایک اہم اسٹریٹجک کامیابی حاصل کی ہے۔ ڈیموکریٹس کی انتخابی کامیابی کی لہر نے یہ واضح کر دیا ہے کہ مستقبل میں امریکہ کا کوئی بھی صدر تہران کے خلاف ایک اور جنگ شروع کرنے سے پہلے ایک بنیادی حقیقت کو نظرانداز نہیں کر سکے گا: ایران کو واشنگٹن پر بھاری معاشی اور سیاسی قیمت مسلط کرنے کے لیے امریکہ کو فوجی میدان میں شکست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

عالمی توانائی کی منڈیوں میں خلل پیدا کرنا، پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کرنا اور عام امریکی شہریوں کے اخراجاتِ زندگی کو بڑھا دینا بالآخر ایسے تباہ کن سیاسی نتائج پیدا کر سکتا ہے جن سے امریکی حکومت کے لیے نمٹنا آسان نہیں ہوگا۔

جنوری میں نئی کانگریس کے کام شروع کرنے کے ساتھ ہی جنگ ختم کرنے کے لیے دباؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ ڈیموکریٹس کانگریس کے نگرانی کے اختیارات اور بجٹ سے متعلق پابندیوں کو استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے، اگرچہ فوجی کارروائیوں کو مکمل طور پر روکنے کی ان کی صلاحیت محدود ہوگی۔

اس جنگ سے حاصل ہونے والا سیاسی سبق کئی برسوں تک ایران کے بارے میں امریکی پالیسی کو متاثر کر سکتا ہے۔

قلیل مدتی صورت حال زیادہ خطرناک کیوں ہے؟

قابل غور ہےکہ قلیل مدتی تناظر میں صورت حال حقیقتاً زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے۔

انتخابات کے نتائج کے بعد تہران خود کو پہلے سے زیادہ مضبوط محسوس کر رہا ہے۔ ایران کے پاس بڑے امتیازات دینے کی کوئی خاص وجہ باقی نہیں رہ جاتی، خصوصاً آبنائے ہرمز، ایران کے منجمد اثاثوں اور تیل برآمد کرنے کی صلاحیت جیسے معاملات میں۔ ایران انتخابات سے پہلے بھی ہتھیار ڈالنے پر آمادہ نہیں تھا اور اب تو اس کے پاس ایسا کرنے کی کوئی وجہ ہی نہیں ہے۔یہ صورت حال ٹرمپ کو کئی مشکل راستوں کے درمیان کھڑا کر دیتی ہے۔

وہ کسی بامعنی معاہدے تک پہنچے بغیر جنگ سے پیچھے ہٹ سکتا ہے، لیکن اس اقدام کو فتح کے طور پر پیش کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔

وہ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایران کے بعض مطالبات تسلیم کر سکتا ہے تاکہ جوہری مذاکرات کا راستہ دوبارہ کھل سکے۔

یا پھر وہ موجودہ دباؤ کی مہم جاری رکھ سکتا ہے، اس امید کے ساتھ کہ بالآخر تہران گھٹنے ٹیک دے گا۔

لیکن تیسرے راستے کا مسئلہ یہ ہے کہ موجودہ صورت حال کوئی جامد اور غیر متغیر کیفیت نہیں ہے، بلکہ ہم ایک مسلسل فوجی تصادم سے دوچار ہیں جس میں کشیدگی کے مزید بڑھنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔

ایرانی حملوں کے نتیجے میں تیل بردار جہازوں کو نشانہ بنایا جانا اور اس کے بعد امریکی حملوں کا بار بار ایران کی سرزمین کے اندر تک پہنچنا، کارروائی اور جوابی کارروائی کا ایک خطرناک سلسلہ پیدا کر چکا ہے۔

امریکہ کی جانب سے ہر رات ہونے والے مزید حملے ایران کے زیادہ سخت ردعمل کے امکانات بڑھا دیتے ہیں۔

علاقے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے، بالخصوص حالیہ دنوں میں خورمور گیس فیلڈ پر ہونے والے حملے جیسے واقعات نے اس خطرے میں ایک نیا پہلو شامل کر دیا ہے۔

دوسری جانب خطے میں امریکی فوجی قوت کی بڑے پیمانے پر تعیناتی ایک اور امکان کو جنم دیتی ہے۔ ممکن ہے ٹرمپ انتظامیہ کسی آخری اور فیصلہ کن فوجی تصادم کی تیاری کر رہی ہو، اس امید کے ساتھ کہ ایک انتہائی طاقتور حملہ یا تو ایران کو معاہدہ قبول کرنے پر مجبور کر دے گا یا پھر اسے جنگ ختم کرکے اپنی فتح کا اعلان کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

لیکن اگر ایران ہتھیار ڈالنے کے بجائے مزید شدت کے ساتھ جواب دیتا ہے تو پھر کیا ہوگا؟

یہی وہ بنیادی سوال ہے جس کا واشنگٹن کے پاس ابھی تک کوئی واضح جواب موجود نہیں ہے۔

غلط اندازے کی قیمت بہت بھاری ہو سکتی ہے

ایران کی جانب سے غلط اندازہ لگائے جانے کا خطرہ بھی موجود ہے۔ تہران ڈیموکریٹس کی کامیابی کو اس علامت کے طور پر دیکھ سکتا ہے کہ ٹرمپ کی عملی آزادی محدود ہو گئی ہے، اور اس بنا پر وہ امریکی صدر کی فوجی طاقت استعمال کرنے کی آمادگی کو کم اہمیت سمجھ سکتا ہے۔

اسی طرح ٹرمپ بھی یہ تصور کر سکتا ہے کہ ایک اور بڑا حملہ امریکی دباؤ کی قوت کو بحال کر دے گا اور اس کے نتیجے میں کوئی وسیع تر جنگ شروع نہیں ہوگی۔

یہ دونوں مفروضے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں اور ان کا نتیجہ توقعات کے بالکل برعکس نکل سکتا ہے۔

نتن یاہو اب بھی اس جنگ کا اہم کردار ہے

اس پورے معاملے میں نتن یاہو بھی ایک اہم عنصر ہے۔ اگرچہ سیاسی اعتبار سے یہ عنصر کمزور ہو چکا ہے، لیکن اب بھی اسرائیل کا وزیراعظم یہی ہے اور ٹرمپ پر مزید فوجی اقدامات کے لیے دباؤ ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اسرائیل کی جانب سے فوجی کارروائیوں کے ایک نئے دور کی حمایت بھی پیش کر رہا ہے۔

نتن یاہو یہ بھی جانتا ہے کہ اسرائیل میں حکومت کی تبدیلی اس موقع کو اس کے ہاتھ سے چھین سکتی ہے۔

اور یہی بات ہمیں اس پورے معاملے کے مرکزی تضاد تک پہنچاتی ہے:

امریکی وسط مدتی انتخابات میں ایران کی سیاسی کامیابی درحقیقت جنوری سے پہلے فوجی کشیدگی میں اضافے کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے۔

ممکن ہے انتخابات نے جنگ کے سیاسی خاتمے کے عمل کو تیز کر دیا ہو، لیکن اس نے ایک آخری اور ممکنہ طور پر تباہ کن فوجی تصادم کے امکان کو ختم نہیں کیا۔

ٹرمپ کو اب بھی ایسی کامیابی درکار ہے جسے وہ اپنی فتح قرار دے سکے۔ ایران ہتھیار ڈالنے والا نہیں ہے، جبکہ روزانہ کے حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ دونوں فریقوں کے لیے کشیدگی کو قابو میں رکھنا مشکل بنا رہا ہے۔

سوممکن ہے سیاسی اعتبار سے جنگ اپنے اختتام کے قریب پہنچ چکی ہو، لیکن اس کا سب سے خطرناک فوجی مرحلہ ابھی باقی ہو۔

ایران کی اصل کامیابی اور امریکہ کا سب سے بڑا مخمصہ

اسرائیلی تجزیہ کار کی اس پوری تحریر کو محض ایک جنگی تبصرہ سمجھنا درست نہیں ہوگا۔ اس میں درحقیقت تین اہم اعترافات پوشیدہ ہیں، جو ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشمکش کی نوعیت کو سمجھنے میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

اول: جنگ کا نتیجہ صرف فوجی طاقت سے طے نہیں ہوتا۔

امریکہ دنیا کی سب سے بڑی فوجی طاقتوں میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے پاس جدید ترین ہتھیار، فضائی برتری، بحری قوت اور عالمی فوجی اڈوں کا وسیع نیٹ ورک موجود ہے۔ لیکن یہ تمام طاقتیں اس وقت سیاسی کامیابی کی ضمانت نہیں بن سکتیں جب جنگ کے معاشی اور سیاسی اثرات خود امریکی معاشرے کو متاثر کرنے لگیں۔

ایران نے اس جنگ میں ایک اہم اسٹریٹجک حقیقت کو نمایاں کیا ہے کہ کسی طاقتور ملک کے خلاف مزاحمت کے لیے ضروری نہیں کہ اس کی فوج کو مکمل طور پر شکست دی جائے۔ بعض اوقات اس کی جنگ جاری رکھنے کی سیاسی صلاحیت کو محدود کر دینا ہی ایک بڑی کامیابی بن جاتا ہے۔

آبنائے ہرمز کی اہمیت بھی اسی تناظر میں سمجھنی چاہیے۔ یہ محض ایک سمندری گزرگاہ نہیں، بلکہ عالمی توانائی کی رسد اور بین الاقوامی معیشت کے لیے ایک انتہائی اہم جغرافیائی مقام ہے۔ اس کے گرد پیدا ہونے والا عدم تحفظ تیل کی قیمتوں، عالمی تجارت، مہنگائی اور بالآخر امریکی ووٹر کے روزمرہ مسائل تک اثر انداز ہو سکتا ہے۔

یوں ایران کی مزاحمت کا دائرہ میدانِ جنگ سے نکل کر عالمی معیشت اور امریکی داخلی سیاست تک پہنچ جاتا ہے۔

دوم: امریکی انتخابات نے ایران کے لیے ایک نیا سیاسی محاذ کھول دیا ہے۔

ڈیموکریٹس کی کامیابی کے سیاسی مضمرات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

امریکی جمہوری نظام میں صدر کی جنگی پالیسی اگر عوامی حمایت، کانگریس کی نگرانی اور معاشی دباؤ کے خلاف کھڑی ہو جائے تو اس کے لیے طویل جنگ جاری رکھنا مشکل ہوتا جاتا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ کے لیے مسئلہ یہ ہے کہ وہ جنگ سے نکلتی ہے تو اسے اپنی شکست تسلیم کرنے کا خطرہ ہے، اور جنگ جاری رکھتی ہے تو اسے مزید معاشی، سیاسی اور فوجی قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔

یہی وہ اسٹریٹجک مخمصہ ہے جس کی طرف اسرائیلی تجزیہ کار نے گہرائی سے بیان کرنے کی کوشش کی ہے

سوم: نتن یاہو کے سیاسی مفادات اور امریکی قومی مفادات ایک دوسرے سے مختلف ہو سکتے ہیں۔

یہ اس پورے تجزیے کا سب سے اہم سیاسی پہلو ہے۔ اسرائیل کے لیے ایران کے خلاف جنگ محض ایک فوجی مسئلہ نہیں، بلکہ اس کی علاقائی بالادستی، سلامتی کے تصورات اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ نتن یاہو کے لیے بھی ایران کے خلاف مسلسل کشیدگی بعض سیاسی اور داخلی مقاصد کی تکمیل کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

اس کے برعکس امریکی صدر کو اپنے ووٹرز، معیشت، کانگریس اور عالمی اتحادیوں کے سامنے جواب دہ ہونا پڑتا ہے۔

چنانچہ ممکن ہے کہ تل ابیب جس فوجی تصادم کو اپنے مفادات کے لیے ضروری سمجھتا ہو، واشنگٹن کے لیے وہ ایک مہنگا اور غیر ضروری جنگی بوجھ بن جائے۔

یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے: کیا امریکہ اپنی عالمی طاقت اور قومی مفادات کا استعمال اسرائیل کی علاقائی حکمت عملی کے مطابق کرتا رہے گا، یا کسی مرحلے پر امریکی سیاسی قیادت اپنے مفادات کو اسرائیلی ترجیحات پر فوقیت دینے پر مجبور ہو جائے گی؟

یہاں اسرائیلی تجزیہ کار کا بیان اسی تضاد کی نشاندہی کرتا ہے۔

آخری فوجی حملہ: فتح کی کوشش یا شکست سے فرار؟

اس تجزیے کا سب سے تشویش ناک پہلو وہ امکان ہے جس میں ٹرمپ کی ٹیم جنوری سے پہلے ایک بڑے فوجی حملے کے ذریعے جنگ کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔

اس امکان کو سنجیدگی سے سمجھنے کی ضرورت ہے۔جب کوئی سیاسی قیادت جنگ میں مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام ہو، اس کی داخلی حمایت کم ہونے لگے اور مخالف فریق اپنی بنیادی پوزیشن سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہ ہو تو اس کے سامنے دو راستے ہوتے ہیں: حقیقت پسندانہ سیاسی سمجھوتا یا فوجی طاقت کے ذریعے نتائج بدلنے کی آخری کوشش۔

تاریخ بتاتی ہے کہ دوسرا راستہ اکثر پہلے سے زیادہ خطرناک ہوتا ہے، کیونکہ اس میں فیصلے زمینی حقائق سے زیادہ سیاسی انا، داخلی دباؤ اور فتح کے اعلان کی ضرورت کے زیرِ اثر ہونے لگتے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ اگر کسی بڑے حملے کے ذریعے ایران کو مذاکرات کی میز پر اپنی شرائط کے مطابق لانا چاہے تو اسے یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ ایران کا ردعمل اس کی توقعات کے مطابق ہونا ضروری نہیں۔ ایک محدود کارروائی کے جواب میں وسیع تر ردعمل، توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو لاحق خطرات اور خطے میں امریکی مفادات پر دباؤ جنگ کو ایک ایسے مرحلے میں پہنچا سکتا ہے جہاں واپسی کے راستے مزید دشوار ہو جائیں۔

یہی وجہ ہے کہ ایران کے خلاف کسی نئی فوجی مہم جوئی کو صرف امریکی عسکری برتری کے پیمانے سے نہیں ناپا جا سکتا۔ اصل سوال یہ ہے کہ امریکہ اس کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کو کس حد تک کنٹرول کر سکے گا؟

ایران کے لیے سبق

اس تمام صورت حال میں ایران کے لیے بھی ایک اہم سبق موجود ہے۔ سیاسی اور اسٹریٹجک برتری کا حصول اپنی جگہ اہم ہے، لیکن اس برتری کو مستقل کامیابی میں تبدیل کرنا اس سے کہیں زیادہ مشکل مرحلہ ہے۔

ایران کو اپنی دفاعی صلاحیت، داخلی استحکام، معاشی لچک، سفارتی روابط اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانا ہوگا۔ اسے یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ دشمن کی ممکنہ غلطی یا اپنی کسی غلط محاسبے کے نتیجے میں ایسا تصادم پیدا نہ ہو جو اس کی حاصل کردہ سیاسی کامیابیوں کو نقصان پہنچا دے۔

مزاحمت کا مقصد محض جنگ کو طول دینا نہیں، بلکہ دشمن کو اپنے مقاصد سے دست بردار ہونے پر مجبور کرنا اور ایک پائیدار سیاسی و سلامتی کے نظام کی بنیاد رکھنا ہے۔

ایران کی کامیابی اسی وقت مکمل ہوگی جب وہ اپنی دفاعی استقامت کو ایک ایسے سیاسی نتیجے میں تبدیل کر سکے جس میں اس کی خودمختاری، علاقائی سلامتی اور قومی مفادات محفوظ رہیں۔

جنگ کا فاتح کون؟

ڈینس سرونووچ کا تجزیہ ایک ایسے اعتراف کی حیثیت رکھتا ہے جسے خاص طور پر واشنگٹن اور تل ابیب کی پالیسی سازی کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ایک سابق اسرائیلی انٹیلی جنس عہدیدار یہ تسلیم کر رہا ہے کہ ایران کو شکست دینے کے لیے امریکہ کی فوجی برتری کافی نہیں، کیونکہ ایران نے جنگ کی قیمت کو اس حد تک وسیع کر دیا ہے کہ اس کے اثرات امریکی معیشت، عالمی توانائی کی منڈیوں اور خود امریکی انتخابی سیاست تک پہنچ سکتے ہیں۔

یہی اس کشمکش کا بنیادی نکتہ ہے۔

امریکہ کے پاس ایران پر حملہ کرنے کی فوجی صلاحیت موجود ہو سکتی ہے، لیکن اس حملے کے نتائج کو اپنی مرضی کے مطابق ترتیب دینے کی ضمانت نہیں۔ وہ جنگ شروع کر سکتا ہے، لیکن ضروری نہیں کہ اس کے خاتمے کا وقت اور طریقہ بھی اسی کے ہاتھ میں رہے۔

نتن یاہو کے لیے شاید ایک نئی فوجی کارروائی سیاسی طور پر مفید ہو، لیکن امریکہ کے لیے اس کے نتائج مختلف ہو سکتے ہیں۔ اسرائیل کی سلامتی کے نام پر شروع ہونے والا کوئی نیا تصادم امریکی عوام کے لیے مہنگائی، معاشی دباؤ اور ایک طویل علاقائی جنگ کا سبب بن سکتا ہے۔

اس تناظر میں ایران کے لیے سب سے بڑی کامیابی یہ نہیں کہ امریکہ مزید ایک حملہ کرنے سے باز آ جائے، بلکہ یہ ہے کہ واشنگٹن اس نتیجے تک پہنچے کہ ایران کے خلاف جنگ جاری رکھنا اس کے اپنے قومی مفادات کے خلاف ہے۔

جنگوں میں کبھی کبھی سب سے بڑی فتح یہ نہیں ہوتی کہ آپ دشمن کو میدانِ جنگ میں شکست دے دیں، بلکہ یہ ہوتی ہے کہ دشمن اپنی تمام تر طاقت کے باوجود اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو جائے۔

اگر ایران اپنی مزاحمت، سیاسی بصیرت اور دفاعی حکمت عملی کے ذریعے امریکہ کو اس مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ محض ایک جنگی مرحلے کی کامیابی نہیں، بلکہ عالمی سیاست میں طاقت کے روایتی تصور کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہوگا۔

البتہ ایک حقیقت کو فراموش نہیں کرنا چاہیے: جب کوئی طاقت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو رہی ہو تو اس کی پسپائی ہمیشہ فوری اور پرامن نہیں ہوتی۔ کبھی کبھی شکست کا احساس ہی اسے آخری اور زیادہ خطرناک حملے پر آمادہ کر دیتا ہے۔

لہٰذا آنے والے دنوں میں اصل امتحان صرف یہ نہیں ہوگا کہ کون زیادہ طاقتور ہے، بلکہ یہ ہوگا کہ کون زیادہ صبر، سیاسی حکمت اور اسٹریٹجک بصیرت کے ساتھ حالات کو اپنے حق میں تبدیل کر سکتا ہے۔

ایران کے لیے کامیابی کا راستہ یہی ہے کہ وہ اپنی مزاحمت کو برقرار رکھتے ہوئے دشمن کو کسی ایسی مہم جوئی کا موقع نہ دے جس سے خطہ ایک نئی تباہ کن جنگ کی لپیٹ میں آ جائے۔ کیونکہ بالآخر جنگ کا فیصلہ صرف میزائلوں کی تعداد، طیاروں کی پروازوں یا تباہ شدہ تنصیبات سے نہیں ہوگا؛ بلکہ اس سے ہوگا کہ کون اپنے سیاسی اہداف حاصل کرتا ہے اور کون اپنی طاقت کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں ناکام رہتا ہے۔

اور شاید یہی وہ حقیقت ہے جس کا اعتراف آج اسرائیلی انٹیلی جنس کا ایک سابق ذمہ دار بھی کر رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha