بدھ 11 نومبر 2026 - 17:07
حضرت فاطمہ زہراء سلام الله علیہا: محرابِ عبادت سے عرشِ الٰہی تک

حوزہ/تاریخِ انسانی میں کچھ ہستیاں ایسی ہیں جن کی عظمت کا اندازہ لگانے کے لیے القاب و خطابات کافی نہیں ہوتے، بلکہ اس کے لیے انکی عملی زندگی اور سیرت کو مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا ایسی ہی ہستی ہیں کہ جن کی زندگی کا ہر پہلو خواہ وہ انفرادی زندگی ہو، خاندانی کردار ہو، اجتماعی سیرت ہوں یا سیاسی بصیرت انسانیت کے لیے عملی اسوہ اور نمونہ ہے۔

تحریر: مولانا عادل حسن امینی

حوزہ نیوز ایجنسی| تاریخِ انسانی میں کچھ ہستیاں ایسی ہیں جن کی عظمت کا اندازہ لگانے کے لیے القاب و خطابات کافی نہیں ہوتے، بلکہ اس کے لیے انکی عملی زندگی اور سیرت کو مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا ایسی ہی ہستی ہیں کہ جن کی زندگی کا ہر پہلو خواہ وہ انفرادی زندگی ہو، خاندانی کردار ہو، اجتماعی سیرت ہوں یا سیاسی بصیرت انسانیت کے لیے عملی اسوہ اور نمونہ ہے۔

انفرادی سیرت: آپؑ کی ذاتی زندگی زہد، تقویٰ، صبر اور قناعت کا بے مثال نمونہ تھی۔ سادہ لباس، کم کھانا، اور دنیا کی آسائشوں سے بے رغبتی یہ سب آپؑ کی انفرادی سیرت کے درخشاں پہلو ہیں۔ آپؑ نے اپنی ذاتی خواہشات کو اللہ کی رضا کے تابع کر دیا تھا۔

خاندانی سیرت: آپؑ ایک مثالی بیٹی، مثالی بیوی اور مثالی ماں تھیں۔ والد گرامیؐ کی خدمت، شوہر امام علیؑ کی اطاعت و معاونت، اور اولاد کی تربیت یہ سب آپؑ کی خاندانی سیرت کے وہ پہلو ہیں جنہیں دیکھ کر ہر خاندان رشک کرتا ہے کہ آپؑ نے گھر کو عبادت کا گہوارہ اور محبت کا مرکز بنایا۔

اجتماعی سیرت: آپؑ نے مدینہ کی خواتین کی تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا یہاں تک کہ بعض خواتین کثرت سے سوال کرتی اور آنحضرت کھلے دل اور اللہ کی رضا کے لیے جوابات دیتی۔آپ کے دروازے پر یتیم ،اسیر اور مسکین اپنی حاجتوں کو کے کر آتے آنحضرت خود بھوک برداشت کرکے ان کو کھانا دے دیتیں۔

سیاسی سیرت: آپؑ نے حق کے دفاع میں بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا۔ مسجد میں خطبہ فدکیہ پڑھ کر حقِ خلافت کا دفاع، اور ظلم کے سامنے ڈٹ جانا یہ آپؑ کی سیاسی بصیرت اور حق گوئی کی روشن مثال ہے۔ آپؑ نے کبھی باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

لیکن ان تمام پہلوؤں میں سب سے درخشاں پہلو عبادت ہے۔ وہ عبادت جو صرف رسم نہیں تھی، بلکہ عشق تھی؛ وہ سجدہ جو صرف فرض کی ادائیگی نہیں تھا، بلکہ وصال کی جستجو تھی۔ آئیے ان کی عبادتی سیرت کے درخشاں پہلوؤں کو مستند روایات کی روشنی میں قارئین کی خدمت میں پیش کریں۔

1۔ رات بھر عبادت خدا کے لیے مگر دعا دوسروں کے لیے

امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام فرماتے ہیں کہ میں نے اپنی والدہ کو جمعہ کی رات محراب میں کھڑے دیکھا، وہ مسلسل رکوع و سجود میں رہیں یہاں تک کہ صبح کی روشنی ظاہر ہو گئی۔ میں نے سنا کہ وہ مومن مردوں اور مومن عورتوں کے لیے دعا کر رہی تھیں، ان کے نام لے لے کر دعا کرتیں اور اپنے لیے کچھ نہ مانگتیں۔ جب میں نے پوچھا: "اے میری ماں! آپ اپنے لیے کیوں دعا نہیں کرتیں؟" تو فرمایا: "اے میرے بیٹے! پہلے پڑوسی، پھر گھر!" مناقب ابن شہر آشوب، ج۳، ص۳۴۱

اس روایت سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ عبادت کا حقیقی پھل دوسروں کی خیرخواہی ہے، اور حضرت فاطمہؑ نے اپنی راتوں کی عبادت کو امت کی خدمت سے جوڑ دیا۔ دعا صرف ذاتی ضروریات تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ امت کے افراد کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔ "الجار ثم الدار" کا یہ اصول سکھاتا ہے کہ دوسروں کو اپنے سے مقدم رکھنا ہی اسلامی ایثار کا اصل مفہوم ہے۔ نیز امام حسنؑ کا اپنی والدہ سے یہ مکالمہ ظاہر کرتا ہے کہ بچوں کی تربیت عملی نمونے سے ہوتی ہے، اور ماں کی عبادت ہی بچے کے دل میں بندگی کی جوت جلاتی ہے۔

2. «زہراء» نام کی وجہ نورانی عبادت

امام صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ حضرت فاطمہؑ کو "زہراء" اس لیے کہا گیا کہ جب وہ اپنے محراب میں نماز کے لیے کھڑی ہوتیں تو ان کا نور آسمان والوں کے لیے اس طرح چمکتا تھا جیسے ستاروں کا نور زمین والوں کے لیے چمکتا ہے۔ معانی الاخبار شیخ صدوق، ص۶۴

یہ روایت ہمیں بتاتی ہے کہ سچی عبادت انسان کے باطن کو نور بناتی ہے، اور یہ نور ملکوتی دنیا تک محسوس ہوتا ہے۔ "زہراء" یعنی چمکنے والی، درخشندہ — یہ نام ان کی عبادتی درخشانی کی نشانی ہے۔ عابد انسان کے لیے زمین و آسمان کے درمیان ایک خاص رابطہ قائم ہو جاتا ہے، اور یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ عبادت کا نور کسی جنس کا محتاج نہیں خاتون بھی آسمانوں تک چراغاں کر سکتی ہے۔

3. «بتول» نام کی وجہ

امام صادق علیہ السلام نے فرمایا کہ حضرت فاطمہؑ کو "بتول" اس لیے کہا گیا کہ وہ سب سے کٹ کر اللہ تعالیٰ کی عبادت سے وابستہ ہو گئیں۔ عوالم العلوم ابطحی اصفہانی، ج۱۱، ص۸۰

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ "بتول" کا مفہوم ہے دنیا کی ہر چیز سے کٹ کر اللہ سے جڑ جانا۔ عبادت میں خلوص اور یکسوئی وہ عنصر ہے جو عابد کو مقربین میں شامل کرتا ہے۔ دنیا سے بے رغبتی اور آخرت کی طرف رغبت یہی فاطمہؑ کی سیرت کا مرکزی نکتہ ہے، اور عبادت میں پوری توجہ اور یکسوئی کے بغیر روحانی ترقی ممکن نہیں۔

4. شب قدر کی تیاری اور اہل خانہ کو بیدار رکھنا

امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ فاطمہؑ رمضان کے آخری دس دنوں میں اپنے گھر والوں میں سے کسی کو رات کو سونے نہیں دیتیں، انہیں کم کھانا کھلا کر تیار رکھتیں، دن سے شب قدر کے احیا کی تیاری کرتیں اور فرماتیں: "محروم وہ ہے جو اس رات کی برکتوں سے محروم رہے۔" بحارالانوار، ج۷۴، ص۱۰

یہ روایت ہمیں سکھاتی ہے کہ عبادت صرف ذاتی نہیں، خاندانی معاملہ بھی ہے حضرت فاطمہؑ اہل خانہ کو بیدار رکھتیں، اور یہ بتاتا ہے کہ ان راتوں کی قدر کرنا اور انہیں ضائع نہ ہونے دینا ایک مومن کی نشانی ہے۔ کم کھانا، دن میں تیاری، رات میں عبادت یہ ایک مکمل عملی تربیتی نظام ہے۔ نیز محرومی کا معیار دنیاوی نعمتیں نہیں، بلکہ رحمتِ الٰہی سے محرومی ہے، اور عبادت کے لیے گھر کا ماحول سازگار بنانا ماں کا اہم کردار ہے۔

5. فرشتوں کا درود اور ندا

حضرت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے ہیں کہ جب فاطمہؑ عبادت کے محراب میں کھڑی ہوتی ہیں تو ستر ہزار مقرب فرشتے ان پر درود بھیجتے ہیں، اور وہی نداء دیتے ہیں جو مریمؑ کو دی گئی تھی: "یا فاطمۃ! إن اللہ اصطفاک و طہرک و اصطفاک علی نساء العالمین۔ بحارالانوار، ج۴۳، ص۲۴

اس روایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ عبادت کی وہ منزل جہاں فرشتے انسان پر درود بھیجتے ہیں یہی "لیلة القدر" کی حقیقت ہے۔ قرآن نے مریمؑ کو "اصطفاک و طہرک" کہا یہی القاب فاطمہؑ کو بھی دیے گئے، جو ان کی عظمت کی دلیل ہے، اور اللہ کا چناؤ عبادت اور طہارت کا نتیجہ ہے۔ "نساء العالمین پر فضیلت" یہ اسلام کا خواتین کے بارے میں بلند نظریہ ہے، اور فرشتوں کا درود بھیجنا ظاہر کرتا ہے کہ عبادت صرف ذاتی نہیں، کائناتی اثر رکھتی ہے۔

6.خوفِ خدا سے کانپنا

امام علی علیہ السلام فرماتے ہیں کہ حضرت فاطمہؑ اللہ تعالیٰ کے خوف کی شدت سے نماز میں کانپ اٹھتی تھیں۔ بحارالانوار، ج۶۷، ص۴۰۰

یہ روایت بتاتی ہے کہ عبادت میں خوفِ الٰہی ایک اہم عنصر ہے — یہ عاجزی اور بندگی کی علامت ہے۔ جسم کا کانپنا ظاہر کرتا ہے کہ دل حاضر تھا نماز میں خشوع و خضوع کی اعلیٰ مثال۔ نماز صرف حرکات نہیں، بلکہ اللہ کے سامنے کھڑے ہونے کا احساس ہے، اور معصوم ہونے کے باوجود خوفِ الٰہی — یہ ہمارے لیے سبق ہے۔

7.اس امت میں سب سے زیادہ عبادت کرنے والی

حسن بصری معصومین کی حدیث سے اخذ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس امت میں فاطمہؑ سے زیادہ عبادت کرنے والا کوئی نہیں تھا وہ اتنا نماز میں کھڑی رہتیں کہ ان کے قدم ورم کر جاتے تھے۔ بحارالانوار، ج۴۳، ص۸۴

یہ روایت ظاہر کرتی ہے کہ حضرت فاطمہؑ کی عبادت کمیت اور کیفیت دونوں میں بے مثال تھی۔ قدم ورم کر جانا — یعنی عبادت میں جسمانی آرام کو قربان کرنا۔ "اعبد امت" ہونا ایک عظیم شرف ہے جو عبادتِ خالص سے حاصل ہوتا ہے، اور راتوں کی رات کھڑے رہنا یہ استقامت ہی عبادت کی جان ہے۔ یہ روایت ہماری کوتاہی کا آئینہ بھی ہے کہ ہم چند منٹ کی نماز میں کاہلی کرتے ہیں۔

8. بندگی کے لیے بہترین ساتھی

شادی کے بعد حضرت رسول اکرمؐ نے امام علیؑ سے پوچھا: "علی جان! اپنی بیوی کو کیسا پایا؟" تو امام علیؑ نے عرض کیا: "نعم العون علی طاعة اللہ" فاطمہؑ اللہ کی اطاعت کے لیے بہترین مددگار ہیں۔ بحارالانوار، ج۴۳، ص۱۱۷

اس روایت سے معلوم ہوتا ہے کہ شادی کا اصل مقصد ایک دوسرے کی اللہ کی اطاعت میں مدد کرنا ہے۔ امام علیؑ نے بیوی کی تعریف میں سب سے بلند کلمہ کہا "اطاعتِ الٰہی میں مددگار"، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گھر عبادت کا گہوارہ ہونا چاہیے، نہ کہ غفلت کا مرکز۔ میاں بیوی ایک دوسرے کے لیے عبادت میں معاون بنیں — یہی کامیاب ازدواجی زندگی کی کنجی ہے، اور حضرت فاطمہؑ نے گھریلو ذمہ داریوں کے ساتھ عبادت میں بھی کمال حاصل کیا یہ خواتین کے لیے بہترین نمونہ ہے۔

حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی عبادتی سیرت ہمیں یہ سکھاتی ہے کہ عبادت میں اخلاص ہو دکھاوے کے بغیر؛ عبادت میں ایثار ہو — دوسروں کو اپنے سے مقدم رکھنا؛ عبادت میں استقامت ہو راتوں کی رات کھڑے رہنا؛ عبادت میں خوفِ الٰہی ہو دل کانپے، جسم لرزے؛ عبادت خاندانی ہو اہل خانہ کو ساتھ لے کر چلنا؛ اور عبادت کا مقصد اللہ کی رضا ہو نہ کہ کوئی دنیاوی غرض۔

آج ہمیں اپنی زندگیوں کا جائزہ لینا چاہیے کہ ہم نے اپنی نمازوں، دعاؤں اور عبادات میں کتنا حصہ حضرت زہراءؑ کی سیرت سے لیا ہے۔ اگر ہم اپنی عبادت میں بھی وہی خلوص، ایثار اور استقامت پیدا کر لیں جو ان کی عبادت میں تھی، تو ہم بھی محرابِ عبادت سے عرشِ الٰہی تک پہنچ سکتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha