پیر 9 نومبر 2026 - 06:19
محبتِ سیدہ فاطمہ الزہراء سلام الله علیہا؛ ایمان کی علامت

حوزہ/محبت اہل بیت علیہم السلام دین اسلام کا جزو ہے اور اس محبت کا مرکز و محور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ذات اقدس ہے۔ جس دل میں سیدہ سلام اللہ علیہا کی محبت نہیں، اس دل میں ایمان کامل نہیں ہو سکتا۔

تحریر: صابر حسین صابری

حوزہ نیوز ایجنسی| محبت اہل بیت علیہم السلام دین اسلام کا جزو ہے اور اس محبت کا مرکز و محور حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی ذات اقدس ہے۔ جس دل میں سیدہ سلام اللہ علیہا کی محبت نہیں، اس دل میں ایمان کامل نہیں ہو سکتا۔

حضرت سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی محبت قرآن اور آئمہ علیہم السّلام کی احادیث کی روشنی میں:

1- قرآن کی روشنی میں محبت فاطمہ (س)

اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں فرمایا:"قُلْ لَا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْرًا إِلَّا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَى.

ترجمہ: کہہ دیجیے کہ میں تم سے اس (رسالت) پر کوئی اجر نہیں مانگتا سوائے اپنے قربىٰ سے محبت کے۔

تمام مفسرین کا اتفاق ہے کہ "القربى" سے مراد حضرت علی، حضرت فاطمہ، حضرت حسن و حسین علیہم السلام ہیں، لہٰذا فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا سے محبت، دراصل اجر رسالت ہے۔

2- احادیث نبوی (ص) میں محبت سیدہ

حدیث اول فاطمہ میرا ٹکڑا ہے: رسول اللہ (ص) نے فرمایا فَاطِمَةُ بَضْعَةٌ مِنِّي، مَنْ آذَاهَا فَقَدْ آذَانِي

ترجمہ فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے، جس نے اسے اذیت دی، اس نے مجھے اذیت دی

حدیث دوم: رضا و غضب کا معیار

آپ (ص) نے فرمایا: إِنَّ اللَّهَ يَغْضَبُ لِغَضَبِ فَاطِمَةَ وَ يَرْضَى لِرِضَاهَا

ترجمہ بے شک اللہ فاطمہ کے غضب سے غضبناک ہوتا ہے اور اس کی رضا سے راضی ہوتا ہے۔

حدیث سوم: جنت کی سردار

رسول خدا (ص) نے فرمایا: "فَاطِمَةُ سَيِّدَةُ نِسَاءِ أَهْلِ الْجَنَّةِ"

ترجمہ: فاطمہ جنت کی تمام عورتوں کی سردار ہیں۔

3- روایت و سیرت سے وضاحت

امام جعفر صادق علیہ السلام فرماتے ہیں کہ ہماری محبت کے بغیر کوئی عمل قبول نہیں اور فاطمہ کی محبت اس محبت کی بنیاد ہے۔

روایت میں ہے کہ جب حضرت فاطمہ (س) محراب عبادت میں کھڑی ہوتی تھیں تو آپ کے نور سے آسمان کے فرشتوں کے لیے زمین ایسے چمکتی تھی جیسے ہمارے لیے ستارے چمکتے ہیں، اسی لیے آپ کا لقب "زہراء" ہے۔

4- محبت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کا تقاضا

سیدہ سے محبت صرف زبانی دعویٰ نہیں، بلکہ عملی اتباع ہے:

1. حجاب و عفت: سیدہ کی چادر کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا۔

2. عبادت: راتوں کو اللہ کے حضور گریہ و زاری۔

3. صبر و ایثار: بھوکے رہ کر بھی دوسروں کو کھانا کھلانا۔

جو شخص سیدہ فاطمہ الزہراء (س) سے محبت کرتا ہے، وہ دراصل رسول اللہ (ص) سے محبت کرتا ہے۔ آئیے عہد کریں کہ ہم اپنی زندگیوں کو سیرت فاطمہ کے نور سے منور کریں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha